السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
ضلع قصور سے حافظ زکریا دریافت کرتے ہیں کہ کیا مسجد کی چھت امام مسجد کی رہائش کے لئے جائز ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
مسجد کے لئے جو قطعہ اراضی حاصل کیا جائے،اس پر وضو کی جگہ اورطہارت خانے بھی بنائے جاتے ہیں، لوازمات مسجد کی بنا پر اسے جائز قرار دیاجاتا ہے۔امام مسجد کے لئے مکان کی تعمیر بھی لوازمات مسجد سے ہے۔بشرطیکہ اس کا کوئی اور متبادل بندو بست نہ ہوسکتا ہو۔مسجد کے ظاہری آداب کو ملحوظ رکھتے ہوئے ضروری ہے کہ جہاں وضو کی جگہ یا طہارت خانے ہوں ان کی چھت پر امام مسجد کے لئے رہائشی مکان تعمیر کیا جائے۔اگر وہاں گنجائش نہ ہوتو مسجد کی چھت پر مکان تعمیر کرنے میں ان شاء اللہ کوئی مواخذہ نہیں ہوگا۔لیکن محل وقوع ایسا ہونا چاہیے کہ مسجد کے اندر سے آمدورفت نہ ہو بلکہ باہر سے سیڑھی وغیرہ کا انتظام ہونا چاہیے۔
ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب