السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
الحمدللہ! میں مسجد میں باجماعتنماز ادا کرنے کا اہتمام کرتا ہوں ، میں نے اپنے گھر کو وی سی آر سے پاک کردیا اور ونڈیو فلموں کو جلا دیا ہے ،نیز اپنے پاس موجود تصویروں کو بھی جلا دیا ہے ، گانوں کی کیسٹوں کو میں نے اسلامی کیسٹوں میں تبدیل کردیا ہے، میں نے داڑھی بھی رکھ لی ہے اور سنت نبوی کی اتباع میں کپڑوں کو بھی چھوٹا کر لیا ہے۔ البتہ ابھی تک ایک چیز باقی ہے جو میری زندگی کو مکدر کیے ہوئے ہے اور وہ ہے تمباکو نوشی، میں نے اسے بھی ترک کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ابھی تک کامیابی نہیں ہوسکی۔ اسےترک کرنے کے لیے مجھے کیاکرنا چاہیےمجھےنصیحت فرمائیں ،امید ہے میرے لیے اللہ تعال سے دعا بھی فرمائیں گے کہ وہ مجھے اس سے بچالے۔
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
سب تعریفیں اللہ کے لیے ہیں، جس نے آپ کو حق کی ہدایت فرمائی اور اسےاختیار کرنے کے لیے اس نے آپ کی اعانت فرمایئ ، جس کی وجہ سے آپ نے مخالف حق کاموں کو ترک کردیا ہے ۔ ہم دعاکر تے ہیں کہ اللہ تعالی آپ کو حق پر ثابت قدمی اوردین میں فقاہت عطا فرمائے۔
جہاں تک تمباکونوشی کاتعلق ہے تو آپ کے لیے واجب ہے کہ اسےبھی ترک کرکے اس سے اجتناب کریں کیونکہ اس کےنقصان بہت زیادہ ہیں اور جب آپ صدق دل سے اسے ترک کرنا چاہیں گے اور تمباکو نوشوں کی مجلسوں کو بھی چھوڑ دیں گے تو اسے ترک کرنے اور اس کے شر سے اپنے آپ کو بچانے کے لیے یقینا اللہ تعالی بھی آپ کی مدد فرمائے گا ۔ ہم آپ کو وصیت کرتےہیں کہ آپ عزم صادق اور اپنی قوت ارادی کو کام میں لائیں اور اپنے سجدوں میں اور دیگر اوقات میں اللہ تعالی سے دعا بھی کریں کہ وہ اسے ترک کردینے کے سلسلے میں آپ کی مددفرمائےاوراس کے ساتھ ساتھ آپ تمباکو نوشی کو صحبت کو بھی ترک کردیں ۔ اس سے آپ کو خیر و بھلائی حاصل ہوگی اور انجام بھ یقینا اچھا ہوگا ۔ ارشاد باری تعالی ہے :
﴿ادعونى أَستَجِب لَكُم ۚ...﴿٦٠﴾... سورة المؤمن
’’تم مجھ سے دعا کرو میں تمہاری دعا کو قبول کروں گا۔‘‘
اور فرمایا :
﴿وَمَن يَتَّقِ اللَّهَ يَجعَل لَهُ مِن أَمرِهِ يُسرًا ﴿٤﴾... سورة الطلاق
’’اور جوکوئی اللہ سے ڈرے گا تو اللہ اس کے کام میں آسانی پیدا کردے گا۔‘‘
اللہ تعالی آپ کو توفیق عطا فرمائے، تمباکو نوشی ترک کرنے کے سلسلہ میں آپ کی مدد فرمائے اور حق پر آپ کو ثابت قدمی عطافرمائے۔
ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب