السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
اس شخص کے بارے میں کیا حکم ہے جو داڑھی کو شدید کالے رنگ سے رنگ لیتا ہے؟ کیا ایسا کرنے والا گناہ گار ہوگا یانہیں؟ داڑھی منڈوانے اور اسے کالا کرنے میں کیا فرق ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
سر اور داڑھی کے سفید بالوں کو مہندی اور وسمہ سے رنگنا تو جائز ہے لیکن کالے رنگ سے رنگنا جائز نہیں ہے جیسا کہ نبی اکرمﷺ کی احادیث صحیحہ سے ثابت ہے ۔ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ فتح مکہ دن حضرت ابو قحافہ کو رسول اللہﷺ کی خدمت میں لایا گیا تو ان کا سر ثغامہ بوٹی کے پھولوں کی طرح سفید تھا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :
" اذْهَبُوا بِهِ إِلَى بَعْضِ نِسَائِهِ، فَلْيُغَيِّرْهُ بِشَيْءٍ، وَجَنِّبُوهُ السَّوَادَ "(صحيح مسلم اللباس ،باب استحباب خضاب الشیت بصفة ۔۔الخ ، ح 2102 ومسند احمد : 338۔3 وسنن ابن ماجه ، اللباس ، باب الخضاب بالسواد ، ح3624 واللفظ له )
’’انہیں ان کی عورتوں میں سے کسی کے پاس لے جاؤ جو ان بالوں کو کسی چیز سے رنگ دے لیکن کالے رنگ سے اجتناب کرنا۔‘‘
مسند احمد ہی کی ایک اور روایت میں ہے کہ نبی ﷺ فرمایا :
" لَوْ أَقْرَرْتَ الشَّيْخَ فِي بَيْتِهِ، لَأَتَيْنَاهُ (مسند احمد 160۔3)
’’اگر تم اس بزرگ کو اس کے گھر ہی میں رہنے دیتے تو ہم خود اس کے پاس جاتے۔‘‘
آپ نے یہ بات حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ کی عزت افزائی کے لیے فرمائی ۔ ابو قحافہ رضی اللہ عنہ جب مسلمان ہوئے تو ان کی داڑھی اور سر ثغامہ بوٹی کے پھولوں کی طرح سفید تھے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
فَلْيُغَيِّرْهُما، وَجَنِّبُوهُ السَّوَادَ "(مسند احمد 160۔3)
’’ان بالوں کے رنگ کو تبدیل کردو مگر کالے رنگ سے اجتناب کرنا۔‘‘
«إِنَّ أَحْسَنَ مَا غَيَّرْتُمْ بِهِ الشَّيْبَ الْحِنَّاءُ وَالْكَتَمُ» (سنن ابی داؤد ،الترجل ،باب فی الخضاب ، ح 4205 و جامع الترمذی ، ح 1753 وسنن النسائی، ح 5081 وسنن ابن ماجه ، ح 3622 وسند احمد 148۔5 ، 150 واللفظ للنسائی وابن ماجه )
’’سب سے احسن چیز جس سے تم سفید بالوں کو رنگتے ہو، وہ منہدی اور وسمہ ہے۔‘‘
جہاں تک داڑھی کے منڈوانے او راسے سیاہ خضاب سے رنگنے کاحکم ہے تو یہ دونوں باتیں ہی ممنوع ہیں، تاہم سیاہ خضاب کی نسبت داڑھی منڈوانےکی ممانعت زیادہ شدید ہے۔
ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب