سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

صدقہ کی تعریف

  • 10829
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-01
  • مشاہدات : 10823

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

صدقہ کیا ہے اس کی شرعی تعریف کریں؟ صدقہ اور خیرات میں فرق کیا ہے؟ صدقے کا گوشت کھانا کیسا ہے جو عام طور پر لوگ دیتے ہیں اور لوگ کہتے ہیں یہ صدقے کا گوشت ہے یہ نہ کھایا جائے اس کی وضاحت کریں۔؟ اور مصارف صدقہ کون ہیں۔؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لئے جو مال غرباء و مساکین کو دیا جاتا ہے یا خیر کے کسی کام میں خرچ کیا جاتا ہے، اسے “صدقہ” کہتے ہیں، صدقہ کی تین قسمیں ہیں: ۱:فرض، جیسے زکوٰة۔ ۲:واجب، جیسے نذر، صدقہٴ فطر اور قربانی وغیرہ۔ ۳:نفلی صدقات، جیسے عام خیر خیرات۔

صدقہ و خیرات تو ایک ہی چیز کے دو نام ہیں، یعنی جو مال اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لئے کسی خیر کے کام میں خرچ کیا جائے وہ صدقہ و خیرات کہلاتا ہے۔

صدقے کا گوشت اگر فرضی صدقہ سے تعلق رکھتا ہو تو اس کو صرف غریب غرباء کھاسکتے ہیں، غنی نہیں کھاسکتے،کیونکہ یہ لوگوں کے مالوں کا میل کچیل ہوتا ہے۔جس سے اغنیاء کو پرہیز کرنا چاہئے۔

صدقہ کے مصارف درج ذیل ہیں۔

مصارف زکوٰۃ

ارشاد باری تعالیٰ ہے :

﴿إِنَّمَا الصَّدَقـٰتُ لِلفُقَر‌اءِ وَالمَسـٰكينِ وَالعـٰمِلينَ عَلَيها وَالمُؤَلَّفَةِ قُلوبُهُم وَفِى الرِّ‌قابِ وَالغـٰرِ‌مينَ وَفى سَبيلِ اللَّهِ وَابنِ السَّبيلِ ۖ فَر‌يضَةً مِنَ اللَّهِ ۗ وَاللَّهُ عَليمٌ حَكيمٌ ﴿٦٠﴾... سورةالتوبة

’’زکوٰۃ تو صرف ان لوگوں کے لئے جو محتاج اور نرے نادار (مسکین) ہوں اور جو اس کی تحصیل پر مقرر ہیں اور جن کے دلوں کو اسلام سے الفت دی جائے (اسلام کی طرف مائل کرنا ہو) اور (مملوکوں کی) گردنیں آزاد کرنے میں اور قرض داروں کو اور اللہ کی راہ اور مسافر کو، یہ ٹھہرایا ہوا (مقرر شدہ) ہے اللہ کی طرف سے اور اللہ علم و حکمت والا ہے‘‘۔

اس آیت مبارکہ میں آٹھ مصارفین کا ذکر موجود ہے۔

1. فقراء

2. مساکین

3. عاملین زکوٰۃ (زکوٰۃ اکٹھی کرنے والے)

4. مؤلفۃ القلوب

5. غلام کی آزادی

6. مقروض

7. فی سبیل اللہ

8. مسافر

ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

فتوی کمیٹی

محدث فتوی


ماخذ:مستند کتب فتاویٰ