میں نے اپنی بیوی سے صحبت کی پھر اٹھ کر غسل کیا اور نماز فجر ادا کرلی تو سوال یہ ہے کہ کیا میں اس بستر پر دوبارہ سوسکتا ہوں۔ اور اس چادر کو اوڑھ سکتا ہوں۔ جس میں میں نے اپنی بیوی سے صحبت کی ہو؟
منی پاک ہے اس سے انسان یا اس کا بستر ناپاک نہیں ہوتا۔حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ:
'' میں اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کپڑے سے کھرچ دیا کرتی تھی۔اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسی کپڑے میں نماز ادا فرما لیا کرتے تھے۔''
لیکن اس کی شرط یہ ہے کہ خروج منی سے پہلے جب آدمی نے پیشاب کیا ہو تو پانی سے استنجاء کیا ہو یا شرعی طریقوں کے مطابق ڈھیلوں کو استعمال کیا ہو اور اس نے اگر ایسا نہ کیا ہو تو پھر تو منی پاک ہے۔ لیکن نجس مقام سے ملنے کی وجہ سے نجس ہوجائےگی۔منی چونکہ پاک ہے اس لئے مرد کےلئے یہ جائز ہے کہ اس بستر پر سوجائے اور اس چادر کو اوڑھ لے جس میں اس نے اپنی بیوی سے صحبت کی ہو۔اس میں کوئی حرج نہیں۔
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب