میں نے اللہ تعالیٰ کیلئے یہ نذر مانی تھی کہ اگر اللہ تعالیٰ نے میری بیٹی کو شفا عطا فرما دی تو میں اللہ تعالیٰ کیلئے ایک بکری ذبح کروں گا۔ الحمدللہ! اب بیٹی شفایاب ہو گئی ہے تو کیا میرے لیے اس ذبیحہ کی قیمت کرنا جائز ہے؟ کیونکہ فقیر تو گوشت کے بجائے مال کو ترجیح دیتا ہے؟ رہنمائی فرمائیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر سے نوازے؟
آپ پر واجب ہے کہ اپنی نذر کو پورا کریں‘ اس بکری کو ذبح کریں‘ جس کی نذر مانی تھی اور تقرب و طاعت الٰہی کے حصول اور نذر کو پورا کرنے کیلئے اسے فقراء پر صدقہ کر دیں کیونکہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا ہے:
’’جو شخص اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی نذر مانے تو اسے اسی کی اطاعت کرنی چاہئے اور جو اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کی نذر مانے توا سے اللہ تعالیٰ کی نافرمانی نہیں کرنی چاہئے‘‘۔
لہٰذا آپ کیلئے قیمت کو صدقہ کرنا جائز نہیں بلکہ واجب یہ ہے کہ بکری ذبح کریں جیسا کہ آپ نے نذر مانی تھی۔ اگر آپ نے یہ نیت کی تھی کہ اس کے گوشت کو آپ اور آپ کے اہلخانہ کھائیں گے یا آپ اپنے پڑوسیوں اور رشتہ داروں کو دعوت پر بلائیں گے تو پھر نیت کے مطابق عمل کریں وار اس صورت میں اسے فقراء میں تقسیم کرنا لازم نہیں ہے کیونکہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا ہے:
’’تمام اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے اور ہر شخص کیلئے صرف وہی ہے جس کی اس نے نیت کی‘‘۔
ہم آپ کو یہ وصیت کرتے ہیں کہ آئندہ نذر نہ مانیں کیونکہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا ہے:
’’نذر نہ مانو کیونکہ نذر تقدیر الٰہی کو تو نہیں ٹال سکتی‘ ہاں البتہ اس کے ساتھ بخیل کے مال میں سے کچھ ضرور نکال لیا جاتا ہے‘‘۔
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب