میں نے اپنی بیوی سے کہا اگر تو میری اجازت کے بغیر گھر سے نکلی تو پھر واپس نہ آنا۔ اس وقت میرا مقصد اسے گھر سے نکلنے سے منع کرنا تھا اور طلاق وغیرہ کے بارے میں تو میں نے سوچا تک بھی نہ تھا۔ اب مجھے ڈر ہے کہ میری بیوی کسی وقت گھر سے نکلنے پر جبور ہو سکتی ہے اور ہو سکتا ہے کہ مجھے اس کا علم بھی نہ ہو تو کیا میں نے جو بات کی تھی وہ قسم ہے اور میں اس کا اب کفارہ دے سکتا ہوں؟ یا اس صورت میں میرے لیے کیا لازم ہے؟ رہنمائی فرمائیں اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر سے نوازے؟
یہ کلام قسم کے حکم میں ہے لہٰذا جب وہ گھر سے نکلے تو آپ پر کفارہ قسم لازم ہے‘ اس سے اس پر طلاق واقع نہ ہوگی اور اگر اس کلام کے وقت آپ نے یہ بھی کہا کہ وہ آپ کی اجازت کے بغیر نہ نکلے تو اجازت دینے کی صورت میں کفارہ بھی لازم نہیں ہوگا کیونکہ نبی کریمﷺ نے فرمایا:
’’تمام اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے‘‘۔
نیز آپ نے یہ بھی فرمایا:
’’مسلمان اپنی شرطوں کے مطابق عمل کرتے ہیں‘‘ ۔
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب