سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

گھر میں نماز عیدادا کرنے کا حکم

  • 2514
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-28
  • مشاہدات : 149

سوال

کیا نماز عید گھر میں ادا کی جا سکتی ہے؟

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

نماز عيد ادا كرنا ہر مسلمان پر ضروری ہے، بالغ انسان كےليے اسے چھوڑنا قطعاً جائز نہيں ہے؛ كيونكہ نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے عورتوں كو بھی نماز عید کےلیے حاضر ہونے كا حكم ديا ہے، بلكہ وه عورتیں جن کے خاص ایام چل رہے ہوں انہیں بھى نماز عيد كےليے جانےكا حكم ديا، ليكن فرمايا: ایسی عورتیں عيد گاہ سے الگ بیٹھیں گى، جیسا کہ ام عطیہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں:

أَمَرَنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنْ نُخْرِجَهُنَّ فِي الْفِطْرِ وَالأَضْحَى الْعَوَاتِقَ وَالْحُيَّضَ وَذَوَاتِ الْخُدُورِ ، فَأَمَّا الْحُيَّضُ فَيَعْتَزِلْنَ الصَّلاةَ وَيَشْهَدْنَ الْخَيْرَ وَدَعْوَةَ الْمُسْلِمِينَ . قُلْتُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، إِحْدَانَا لا يَكُونُ لَهَا جِلْبَابٌ . قَالَ : لِتُلْبِسْهَا أُخْتُهَا مِنْ جِلْبَابِهَا. (صحيح البخاري، الحيض: 324، صحيح مسلم، صلاة العيدين: 890)
ہمیں رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے حکم دیا کہ ہم قريب البلوغ، حائضہ اور كنوارى عورتيں سب كو، عيدالفطر اور عيدالاضحى كے موقع پر (عيد گاہ) لے کر جائیں، ليكن حائضہ عورتيں نماز سے عليحدہ رہيں، وہ خير اور مسلمانوں كے ساتھ دعا ميں شریک ہوں, ميں نے عرض كيا: اے اللہ كے رسول صلى اللہ عليہ وسلم! اگر ہم ميں سے كسى كے پاس اوڑھنى نہ ہو تو (وه كيا كرے) ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسے اس كى بہن اپنى اوڑھنى دے دے‘‘۔

اس لیے انسان کو چاہیے کو وہ ہر صورت نماز عید کےلیے حاضر ہو، لیکن اگر بیماری یا کسی معقول عذر کی بناء پر وہ باجماعت عید کی نماز نہیں پڑھ سکا، تو اسے چاہیے کہ گھر میں ہی اس كی قضائی دے، اس کا طریقہ معروف عید نماز والا ہی ہوگا کہ دو رکعت ادا کرے گا، پہلی رکعت میں سات اور دوسری رکعت میں پانچ اضافی تکبیرات کہے گا۔

سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

إذا أُقيمَتِ الصَّلاةُ فلا تأتوها تَسعَوْنَ، وأتُوها تَمشُونَ وعليكم السَّكينةُ، فما أدركتُم فصَلُّوا، وما فاتكم فأتِمُّوا. (سنن أبي داود، الصلاة: 572، سنن ابن ماجه، المساجد والجماعات: 775) (صحيح)

جب نماز کی اقامت کہہ دی جائے تو بھاگتے ہوئے نماز میں شامل ہونے کی کوشش نہ کرو، بلکہ وقار اور سكون سے آؤ، جو (نماز) تمہيں مل جائے اسے ادا كرو، اور جو رہ جائے اس كى قضائی دے دو۔

اور امام بخاری رحمہ اللہ نے سیدنا انس رضی اللہ عنہ کے حوالے سے بیان کیا ہے کہ انہوں نے اپنے غلام ابن ابی عتبہ کو حکم دیا، اپنے اہل وعیال کو بھی جمع کیا، پھر سب کو ویسے ہی نماز عید پڑھائی جیسے امام لوگوں کو نماز عید پڑھاتا ہے اور تکبیرات بھی کہیں۔ ( صحيح البخاري: بَابٌ: إِذَا فَاتَهُ العِيدُ يُصَلِّي رَكْعَتَيْنِ، وَكَذَلِكَ النِّسَاءُ، وَمَنْ كَانَ فِي البُيُوتِ وَالقُرَى (2/23)، تغليق التعليق: 2/386).

والله أعلم بالصواب

محدث فتویٰ کمیٹی

01. فضیلۃ الشیخ ابومحمد عبدالستار حماد حفظہ اللہ
02. فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
03. فضیلۃ الشیخ عبدالخالق حفظہ اللہ

ماخذ:محدث فتویٰ کمیٹی