سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

نسوار اور سگریٹ سے روزے کا حکم

  • 1772
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-12
  • مشاہدات : 936

سوال

السلام عليكم ورحمۃالله وبركاتہ! سوال: کیا نسوار کھانے اور سگریٹ پینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟

 الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

سگریٹ پینا اور نسوارکھانا ہر حال میں حرام ہیں۔چہ جائیکہ انہیں روزے کی حالت میں کھایا پیا جائے۔  سگریٹ نوشی حرام ہے کیونکہ یہ گندی چیز ہے اور بہت سے نقصانات پر مشتمل ہے۔ اور اللہ تعالیٰ نے تو اپنے بندوں کے لئے کھانے پینے کی چیزوں میں سے پاکیزہ چیزیں ہی ان پر مباح کی ہیں اور گندی چیزوں کو حرام کیا ہے چنانچہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ فرماتے ہیں

﴿يَسۡ‍َٔلُونَكَ مَاذَآ أُحِلَّ لَهُمۡۖ قُلۡ أُحِلَّ لَكُمُ ٱلطَّيِّبَٰتُ﴾--مائدة

’’ لوگ آپ سے پوچھتے ہیں کہ ان کے لئے کیا حلال کیا گیا ہے آپ کہہ دیجئے کہ پاکیزہ چیزیں تمہارے لئے حلال کی گئی ہیں۔‘‘

نیز اللہ تعالیٰ نے سورہ اعراف میں اپنے نبی محمدﷺ کی صفت بیان کرتے ہوئے فرمایا :

﴿يَأۡمُرُهُم بِٱلۡمَعۡرُوفِ وَيَنۡهَىٰهُمۡ عَنِ ٱلۡمُنكَرِ وَيُحِلُّ لَهُمُ ٱلطَّيِّبَٰتِ وَيُحَرِّمُ عَلَيۡهِمُ ٱلۡخَبَٰٓئِثَ﴾--[الاعراف157]

’’وہ پیغمبر لوگوں کو بھلی باتوں کا حکم دیتا ہے اور بری باتوں سے روکتا ہے اور وہ ان کے لئے پاکیزہ چیزیں حلال کرتا ہے اور گندی چیزیں حرام کرتا ہے۔ ‘‘

اور تمباکو نوشی اپنی تمام قسموں سمیت پاکیزہ چیزوں سے نہیں بلکہ گندی چیزوں سے ہے اسی طرح تمام نشہ آور چیزیں بھی گندی چیزوں سے ہیں تمباکو  پینا ،خریدنا اور اس کی تجارت کرنا سب ناجائز ہے جیسا کہ شراب کی صورت ہے لہٰذا جوشخص سگریٹ پیتا ہے یا اس کی تجارت کرتا ہے اسے جلد ہی اللہ تعالیٰ کے حضور رجوع اور توبہ کرنا گزشتہ فعل پر نادم ہونا اور آئندہ نہ کرنے کا پختہ عزم کرنا چاہئے اور جو شخص سچے دل سے توبہ کرے اللہ تعالیٰ اس کی توبہ قبول فرماتا ہے جیسا کہ اللہ عزوجل نے فرمایا ہے :

﴿وَتُوبُوٓاْ إِلَى ٱللَّهِ جَمِيعًا أَيُّهَ ٱلۡمُؤۡمِنُونَ لَعَلَّكُمۡ تُفۡلِحُونَ﴾--[نور31]

’’اور اے ایمان والو ! سب کے سب اللہ کے حضور توبہ کرو تا کہ تم فلاح پاؤ‘‘

مذکورہ بالا دلائل سے ثابت ہوتا ہےکہ سگریٹ پینا اور نسوار کھانا روزے اور بغیر روزے کے دونوں حالتوں میں حرام ہیں، اور اگر کوئی شخص روزے کی حالت میں سگریٹ پیتا ہے یا نسوار کھاتا ہے تو اس کا گناہ عام حالات سے زیادہ ہو گا اور روزہ ٹوٹ جائے گا۔

ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

 محدث فتویٰ کمیٹی 

ماخذ:محدث فتویٰ کمیٹی