سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(320) بیوی کے علاوہ کسی اور کے سامنے بیوی کو طلاق دینا

  • 23085
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-19
  • مشاہدات : 449

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

ایک شخص مسمی عبدالغنی جس کی صرف ایک زوجہ مسماۃ زہرہ ہے،اپنی زوجہ سے   ناخوش ہوا،مگر اس کے سامنے کچھ نہیں کہا،وہ باہر گیا دو آدمی کو بلا کر ان سے یہ کہا کہ ہم نے اس کو طلاق دی،طلاق دی،طلاق دی،اس کو بیٹی سمجھتے ہیں۔فقط اس صورت میں طلاق ہوا یا نہیں؟اگر طلاق ہوئی تو کیا طلاق ہوئی؟ ایک طلاق ہوئی یا  تین طلاق ہوئیں اور زوجہ عبدالغنی بلا حلالہ کے،یعنی بغیر دوسرے سے نکاح کے عبدالغنی کے پاس رہ سکتی ہے یا نہیں اور بلا حلالہ کے عبدالغنی کے پاس رہ سکے تو تجدید نکاح کی عبدالغنی کے ساتھ حاجت ہوگی یا نہیں؟وکفارہ ظہار بھی دینا ہوگایانہیں؟واضح رہے کہ عبدالغنی کا لفظ"ہم اسے بیٹی سمجھتے ہیں"تک ہے،جس کے اوپر لکیر کھینچی ہے۔عبدالغنی نے دن دونوں آدمی سے یہ کلام پہنچانے کو زوجہ تک نہیں کہا تھا اور نہ لفظ زوجہ کا کہا تھا اور نہ نام زوجہ کہا تھا،وقت کلام کے صرف وہی لفظ بولا تھا،جو اوپر مذکور ہوا۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اس صورت میں ایک طلاق واقع ہوئی اور حلالہ کی حاجت نہیں ہے اور نہ کفارہ لازم ہے۔اگر عدت نہ گزری ہوتو عبدالغنی رجعت کرسکتے ہیں،یعنی طلاق مذکورہ واپس لے سکتے ہیں اور صرف اس قدر کہنے سے کہ ہم نے جو اپنی زوجہ مسماۃ فلانہ کو طلاق دی تھی،اس طلاق کو واپس لیا،رجعت ہوجائےگی اور اگر عدت گزر گئی ہو اور دونوں باہم راضی ہوں تو تجدید نکاح کی ضرورت ہے ۔صحیح مسلم(1/477 چھاپہ دہلی) میں ہے:

"وَعَنِ ابْنِ عَبّاسٍ رَضىَ اللَّهُ عَنْهُمَا قالَ: "كان الطّلاقُ عَلى عَهْدِ رَسُولِ اللَّهِ صَلّى الله عَلَيْهِ وَسَلّم وأَبي بَكْرٍ وَسَنَتَينِ مِنْ خِلافَةِ عُمَرَ طَلاقُ الثلاثِ واحِدةٌ، فقالَ عُمَرُ: إنَّ الناسَ قَدِ اسْتَعْجَلُوا في أَمْر كانَتْ لَهُمْ فيهِ أَنَاةٌ فلوْ أمْضَيْنَاهُ عَلَيْهِمْ، فَأَمْضَاهُ عَلَيْهِمْ" [1]رَوَاهُ مُسْلمٌ.

"راوی کہتے ہیں کہ  رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  کے زمانے میں ،ابو بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ  کے عہد میں اور عہد عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ  کی خلافت کے ابتدائی دو سالوں میں تین طلاقوں کو ایک ہی طلاق شمار کیا جاتا تھا،تو  عمر بن خطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ  نے کہا:لوگ اس معاملے(طلاق) میں ،جس میں انھیں مہلت حاصل تھی،جلدی کرنے لگے ہیں،اگر ہم(ان کی تین طلاقوں کو،تین طلاقیں ہی) ان پر نافذ کردیں(تو بہتر ہے) چنانچہ انھوں نے اس کو نافذ کردیا"

کتبہ:محمد عبداللہ مہر مدرسہ۔ھذا الجواب صحیح ثابت عندی

کتبہ:ابو  العلیٰ محمد عبدالرحمان المبارکفوری۔


[1] ۔صحیح مسلم رقم الحدیث(1472)

  ھذا ما عندی والله اعلم بالصواب

مجموعہ فتاویٰ عبداللہ غازی پوری

کتاب الطلاق والخلع ،صفحہ:522

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ