سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(41) ہوائی جہاز میں نماز ادا کرنے کا طریقہ کیا ہے؟

  • 21546
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-24
  • مشاہدات : 731

سوال

(41) ہوائی جہاز میں نماز ادا کرنے کا طریقہ کیا ہے؟

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

ہوائی جہاز میں نماز ادا کرنے کا طریقہ کیا ہے؟اور کیا جہاز میں اول وقت پر نماز پڑھنا افضل ہے یا ہوائی اڈہ پر پہنچنے کا انتظار کرنا،اگر نماز کے آخر وقت میں جہاز کے پہنچنے کی امید ہو؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

ہوائی جہاز کے سفر میں جب نماز کا وقت ہوجائے تو حسب استطاعت نمازادا کرلینا واجب ہے،اگر جہاز میں کوئی ایسی جگہ میسر ہے جہاں قیام اور رکوع وسجود کے ساتھ نماز ادا کی جاسکتی ہے تو ٹھیک،ورنہ بیٹھ کر اشاروں سے رکوع وسجود کرتے ہوئے نماز پڑھی جائے گی،جیساکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

﴿فَاتَّقُوا اللَّـهَ مَا استَطَعتُم...﴿١٦﴾... سورةالتغابن

’’اپنی طاقت کے مطابق اللہ سے ڈرتے رہو۔‘‘

اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  نے عمران بن حصین  رضی اللہ تعالیٰ عنہ  سے ان کی بیماری کی حالت میں فرمایا:

’’کھڑے ہوکرنماز پڑھو،کھڑے نہیں ہوسکتے تو بیٹھ کر،اور بیٹھ بھی نہیں سکتے تو کروٹ کے بل۔‘‘

اس حدیث کو امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ  نے اپنی صحیح میں اورامام نسائی رحمۃ اللہ علیہ  نے صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے اور نسائی رحمۃ اللہ علیہ نے اتنااضافہ کیا ہے:

’’اور اگر کروٹ کے بل نہ ہوسکے تو چت لیٹ کر۔‘‘

افضل یہ ہے کہ ہوائی جہازمیں اول وقت پر نماز ادا کرلی جائے،لیکن اگر کسی نے ہوائی اڈے پہنچ کر آخر وقت میں نماز اد کی تب بھی کوئی حرج نہیں،کیونکہ اس سلسلہ میں دلائل عام ہیں۔یہی حکم موٹر،ٹرین اور کشتی وغیرہ کا بھی ہے،واللہ ولی التوفیق۔

 ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

ارکانِ اسلام سے متعلق اہم فتاویٰ

صفحہ:98

محدث فتویٰ

تبصرے