سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(398) "نکاح من سنتی"حوالہ

  • 20047
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 1893

سوال

(398) "نکاح من سنتی"حوالہ

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

عام طور پر شادی کے دعوت ناموں پر درج ذیل حدیث تحریر ہوتی ہے،’’نکاح میری سنت ہے، جو کوئی میری سنت سے روگردانی کرے وہ مجھ سے نہیں۔‘‘ کیا یہ حدیث انہی الفاظ سے مروی ہے؟ اگر ہے تو اس کا حوالہ درکار ہے، براہِ کرم اولین فرصت میں جواب دیں۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

سوال میں ذکر کردہ حدیث کے الفاظ دو احادیث کا مجموعہ ہیں، ایک حدیث حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’نکاح میری سنت ہے۔‘‘ [1]

 اس کا دوسرا حصہ ایک طویل حدیث کا ٹکڑا ہے جسے حضرت انس رضی اللہ عنہ نے بیان کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس شخص نے میری سنت سے روگردانی کی وہ مجھ سے نہیں۔‘‘ [2]

 مذکورہ الفاظ کسی ایک حدیث کے نہیں ہیں یا کم از کم میری نظر سے نہیں گزرے البتہ اس سے ملتے جلتے الفاظ ایک حدیث میں وارد ہیں جسے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے بیان کیا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ’’نکاح میری سنت ہے، جس نے میری سنت کے مطابق عمل نہ کیا وہ مجھ سے نہیں ہے۔‘‘ [3]

 اس وضاحت کی روشنی میں شادی کارڈ پر ان الفاظ کو ایک حدیث کی حیثیت سے لکھنا محل نظر ہے، اگر دو الگ الگ احادیث کے حوالہ سے لکھا جائے تو جائز ہے۔ (واللہ اعلم)


[1] ابن ماجہ، النکاح: ۱۸۴۶۔ 

[2] صحیح بخاری، النکاح: ۵۰۶۳۔ 

[3]  ابن ماجہ، النکاح: ۱۸۴۶۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:3، صفحہ نمبر:342

محدث فتویٰ

تبصرے