سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(872) لڑکی کا شادی کے بعد رضاعت سے انکار

  • 18479
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-02
  • مشاہدات : 794

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

ایک شخص نے اپنی ایک قرابت دار کے لیے نکاح کا پیغام دیا تو لڑکی کے والد نے یہ عذر کر کے انکار کر دیا کہ اس نے تمہارے ساتھ دودھ پیا ہے۔ پھر جب لڑکی کا والد فوت ہو گیا تو اس لڑکے نے اس لڑکی کے ساتھ شادی کر لی۔ جب کہ عادل گواہوں نے اس لڑکی کی ماں کے متعلق گواہی دی ہے کہ اس نے اس لڑکے کو دودھ پلایا ہے، مگر بعد میں اس عورت نے اپنی بات سے انکار کیا اور کہا کہ پہلے جو اس نے کہا تھا ایک مقصد اور غرض کے تحت کہا تھا۔ سوال یہ ہے کہ کیا ان کا نکاح جائز ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اگر عورت حق سچ بولنے میں معروف ہو اور اس نے بتایا ہو کہ وہ اس لڑکے کو پانچ رضعات دودھ پلا چکی ہے، تو اس کی یہ بات مقبول ہو گی۔ اور اگر ان لڑکے لڑکی کا نکاح ہو چکا ہو تو ان میں تفریق کرا دی جائے، جیسے کہ علماء کا صحیح تر قول ہے۔ اور صحیح بخاری میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عقبہ بن حارث رضی اللہ عنہ کو حکم دیا تھا کہ اپنی بیوی کو علیحدہ کر دے، اس وجہ سے کہ ایک سیاہ لونڈی نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ان دونوں کو دودھ پلا چکی ہے۔ (صحیح بخاری،کتاب الشھادات،باب اذاشھد شاھد،حدیث:2640وسنن الترمذی،کتاب الرضاع،باب ماجاءفی شھادۃالمراۃالواحدۃفی الرضاع،حدیث:1151۔)

 اور اگر عورت کی صداقت میں شبہ ہو یا عدد رضعات میں شک ہو تو بھی یہ معاملہ مشکوک قرار پائے گا، تو اس سے اجتناب بہتر ہے، تاہم جب تک کوئی معتبر دلیل نہ ملے ان میں تفریق کا حکم نہیں لگایا جا سکتا۔ اور اگر وہ عورت  نکاح سے پہلے ہی اپنی شہادت سے پھر گئی ہو تو یہ زوجہ حرام نہیں ہو گی لیکن اگر معلوم ہو کہ یہ عورت اپنی شہادت سے رجوع میں جھوٹی ہے اور اس نے اپنی شہادت سے رجوع کیا ہے، اور پھر وہ شوہر بھی اس بیوی سے مجامعت کر چکا ہے، اور اس عورت نے اپنی گواہی چھپائی ہے، تو یہ زواج صحیح نہیں ہو گا۔

    ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

احکام و مسائل، خواتین کا انسائیکلوپیڈیا

صفحہ نمبر 612

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ