السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
اگر کسی عورت نے حج تمتع کی نیت سے احرام باندھا ہو، اور پھر بیت اللہ تک پہنچنے سے پہلے ہی اسے ایام شروع ہو جائین، تو وہ کیا کرے، کیا وہ عمرے سے پہلے حج کر سکتی ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
اسے چاہئے کہ اپنے احرام کی حالت میں رہے۔ اگر یہ نویں، ذوالحجہ سے پہلے پاک ہو جائے اور اسے عمرہ پورا کرنا ممکن ہو تو چاہئے کہ یہ اپنا عمرہ مکمل کر لے، پھر حج کا احرام باندھے اور عرفہ کی طرف روانہ ہو جائے اور باقی اعمال حج پورے کرے۔ اور اگر یہ عرفہ سے پہلے پاک نہیں ہوتی تو اسے چاہئے کہ اپنے عمرے کو حج میں داخل کر دے اور یوں نیت کرے:
اللهم انى احرمت بحج مع عمرتى
’’اے اللہ میں حج اور عمرے کی نیت کرتی ہوں۔‘‘
اور اس طرح وہ حج قران والی بن جائے گی۔ اسے لوگوں کے ساتھ مل کر عرفہ وغیرہ کا وقوف اور دیگر اعمال حج سر انجام دینے چاہئین۔ اور اس کا یہی احرام اور طواف اور صفا و مروہ کی سعی جو وہ دسویں تاریخ یا اس کے بعد کرے گی (یعنی طواف زیارت، طواف افاضہ یا طواف صدر) حج اور عمرے دونوں کے لیے کافی ہو گی اور اس کو حج قیران کی قربانی دینا ہو گی جیسے کہ حج تمتع والے پر واجب ہوا کرتی ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب