السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
جب پانی استعمال کرنا مشکل یا ناممکن ہو تو طہارت کیسے حاصل کی جائے؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
جب پانی کا استعمال ناممکن ہو مثلا میسر ہی نہ ہو یا اس کے استعمال سے تکلیف ہوتی ہو تو پھر تیمم کیا جاتا ہے۔ یعنی انسان اپنے دونوں ہاتھ زمین پر مار کر پہلے چہرے پر پھر اپنے دونوں ہاتھوں کو ایک دوسرے پر پھیر لے۔ اور یہ طریقہ حدث (بے وضو ہونے) سے طہارت حاصل کرنے کے لیے ہے۔ اور خبث (نجاست) سے طہارت حاصل کرنے کے لیے تیمم نہیں ہے۔ خواہ یہ نجاست جسم پر لگی ہو یا کپڑے پر یا زمین کے کسی حصے پر ہو۔ کیونکہ نجاست سے طہارت کے لیے اس جگہ کی صفائی اور نجاست کا ازالہ شرط ہے، اور اس میں عبادت ہونا شرط نہیں ہے۔ لہذا اگر اس نجاست کا کسی طور پر بھی ازالہ ہو گیا ہو یا طہارت کی نیت کے بغیر ہی اسے دور کر دیا گیا ہو تو وہ جگہ پاک ہو جائے گی۔ مثلا بارش ہوئی اور کسی نجس جگہ یا کپڑے وغیرہ سے وہ نجاست دھل گئی تو وہ جگہ اور کپڑا وغیرہ پاک ہو جائے گا، خواہ انسان کو اس کا علم نہ بھی ہو۔ بخلاف حدث سے طہارت کے ۔۔ چونکہ یہ عبادت ہے اور انسان اس کے ذریعے سے اللہ عزوجل کا قرب حاصل کرتا ہے تو اس کے لیے نیت و ارادہ ضروری ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب