مجھے نماز ادا کرتے وقت اکثر خیالات اور وسو سے آتے رہتے ہیں ۔ کیا نماز کے اندر خیالات اور وسوسوں سے نماز باطل ہو جاتی ہے یا نہیں۔ ان خیالات کو دور کرنے کا مجھے کوئی وظیفہ بتائیں ۔
نماز کے اند ر وسوسے اور خیالات کے آنے سے نماز باطل نہیں ہوتی جیسا کہ بخاری شریف میں باب من صلی بالناس فذکر جاجة فتخطاھم من عبقه بن الحارث سے مروی ہے انہوں نے کہا :
'' میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے مدینہ میں عصر کی نماز ادا کی ۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سلام پھیرا تو جلدی سے اٹھ کھڑے ہوئے اور لوگوں کی گر دنیں پھلانگتے ہوئے اپنی کسی بیوی کے حجرے کی طرف چلے گئے۔ لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس جلدگی سے گھبرا گئے۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم واپس تشریف لائے تو دیکھا کہ صحابہ رضی اللہ تعالی عنہم آپ کی جلدی پر متعجب ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مجھے یا دآگیا کہ ہمارے گھر میں ایک سونے کی ایک ڈلی ہے۔ میں نے نا پسند کیا کہ وہ مجھ روک کر رکھے۔ میں نے اس کی تقسیم کا حکم دیا ہے۔
اس حدیث کے بعض طرق میں یہ الفاظ بھی ہیں ''۔ (بخاری ۱/۱۴۰)
'' مجھے نماز کی حالت میں یہ بات یاد آئی ''
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نماز کی حالت میں کسی چیز کی یاد آئے یا کوئی خیال آجائے توا س سے نماز باطل نہیں ہوتی ۔ اسی طرح مسند احمد صحیح مسلم میں سیدنا عثمان بن ابی العاص رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے :
'' سیدنا عثمان ابن ابی العاص نے کہا اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم، شیطان میرے اور میری نماز کے درمیان حائل ہو جاتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اس شیطان کا نام خنزب ہے جب اس کا اکسانا محسوس کرو تو ( دوران نماز ) اعوذب اللہ پڑھو اور دائیوں طرف تین مرتبہ تھوکو۔ سیدنا عثمان رضی اللہ تعالی عنہ نے کہا کہ میں نے ایسا ہی کیا اور اللہ تعالیٰ نے شیطان کو مجھ سے دور کر دیا '' (مشکوۃ باب الوسوۃ١۱/۲۹، بتحقیق شیخ البانی رحمۃ اللہ)
سیدنا عمررضی اللہ تعالی عنہ نے کہا میں اپنا لشکر روانہ کرتا ہوں حالانکہ میں نماز میں ہوتا ہوں۔ ( نیل الا وطار ۲/۳۸۳)
یعنی بعض اوقات نماز کے دوران میرا خیال لشکر کی تیاری کی طرف پلٹ جاتاہے۔ اسی طرح ایک حدیث میں آتا ہے :