سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

قرض کی ادائیگی کے لیے زکوۃ لینا اس کے علاوہ میں نے اپنی شادی شدہ بہن کو اپنے آبائی گھر سے طے شدہ حصہ دینا ہے ، کیا میں اپنی بہن کے حصہ کی رقم بھی قرض تصور کروں اور اس کو بھی اپنے اس قرض کی رقم میں جمع کر لوں یا بہن کا حصہ الگ سےخود سے ادا کرنا ہو گا ؟

  • 5294
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-17
  • مشاہدات : 51

سوال

میرے اوپر کچھ قرض ہے، کیا میں زکوٰۃ لے کر قرض ادا کر سکتا ہوں ؟

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں زکاۃ کے مستحق افراد کا ذکر تفصیل کے ساتھ کیا ہے۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے:

إِنَّمَا الصَّدَقَاتُ لِلْفُقَرَاءِ وَالْمَسَاكِينِ وَالْعَامِلِينَ عَلَيْهَا وَالْمُؤَلَّفَةِ قُلُوبُهُمْ وَفِي الرِّقَابِ وَالْغَارِمِينَ وَفِي سَبِيلِ اللَّهِ وَابْنِ السَّبِيلِ فَرِيضَةً مِنَ اللَّهِ وَاللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٌ (التوبة: 60)

صدقات تو صرف فقیروں اور مسکینوں کے لیے اوران پرمقررعاملوں کے لیے ہیں اوران کے لیے جن کے دلوں میں الفت ڈالنی مقصود ہے اور گردنیں چھڑانے میں اور تاوان بھرنے والوں میں اوراللہ کے راستے میں اورمسافر میں (خرچ کرنے کے لیے ہیں)۔ یہ اللہ کی طرف سے ایک فریضہ ہے اوراللہ سب کچھ جاننے والا، کمال حکمت والا ہے۔

مذکورہ بالا آیت مبارکہ میں زکاۃ کے درج ذیل مصارف بیان کیے گئے ہیں:

1،2.  لِلْفُقَرَاءِ وَالْمَسَاكِينِ: فقیراورمسکین دونوں لفظ محتاج کے معنی میں آتے ہیں۔ فقیر مسکین سے زیادہ بدحال ہوتا ہے، فقیر وہ شخص ہے جس کے پاس کچھ نہ ہو اورمسکین وہ ہے جس کی آمدنی اس کی ضروریات سے کم ہے۔

3- وَالْعَامِلِينَ: زکاۃ و عشر وصول کرنے والے، زکوٰۃ و عشر کی وصولی کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آدمی مقرر فرماتے تھے اورباقاعدہ ان کا محاسبہ فرماتے تھے۔

4- وَالْمُؤَلَّفَةِ قُلُوبُهُمْ: اس سے مراد وہ نومسلم ہیں جن کی دل جوئی کرکے انھیں اسلام پرثابت قدم رکھنا مقصود ہو، یا وہ کفار جن کی دل جوئی سے ان کے اسلام لانے کی امید ہے، یا وہ با اثر لوگ جن پر خرچ کرنے سے کئی لوگوں کے مسلمان ہونے کی امید ہے، یا وہ کافر سردار جن پر خرچ کرنے سے ان کے علاقے میں مسلمانوں کے ظلم و ستم سے محفوظ رہنے کی امید ہے۔

5- وَفِي الرِّقَابِ: گردنیں چھڑانے سے مراد غلاموں کو خرید کر آزاد کرنا ہے۔ مکاتب غلاموں کی (جنھوں نے اپنے مالکوں سے اپنی قیمت قسطوں میں ادا کرنے کی شرط پر آزادی کا معاہدہ کیا ہوا ہے) مدد کرنا ہے۔ آج کل عدالتوں کے کفریہ نظام کی وجہ سے بے گناہ لوگ یا وہ گناہ گار جن کی شرعی سزا قید نہیں ہے، مگر کافرانہ قانون کی وجہ سے قید ہیں، یا کفر کی عدالتوں کا عائد کر دہ جرمانہ ادا نہ کرسکنے کی وجہ سے یا مقدمہ کے اخراجات ادا نہ کر سکنے کی وجہ سے جیلوں میں سال ہا سال سے سڑ رہے ہیں ان کو چھڑانے پر زکوٰۃ صرف کرنا بھی اس میں شامل ہے۔

6- وَالْغَارِمِينَ: وہ مقروض جو قرض ادا نہیں کرسکتے، یا وہ کاروباری لوگ یا زمیندار وغیرہ جو کاروبار یا فصل برباد ہوجانے کی وجہ سے زیر بار ہوگئے، اگر وہ اپنی جائداد میں سے قرض ادا کریں تو فقیر ہوجائیں، یا وہ با اثر لوگ جنھوں نے صلح کروانے کے لیے لوگوں کی دیتیں یا رقوم اپنے ذمے لے لیں، یہ سب غارمین میں آتے ہیں۔

7­- وَفِي سَبِيلِ اللَّهِ: اس لفظ کے دو استعمال ہیں، ایک تو ہر نیکی ہی اللہ کے لیے اور اللہ کے راستے میں ہے اور فقراء و مساکین وغیرہ پر خرچ بھی فی سبیل اللہ ہے، جن کا ذکر اسی آیت میں پہلے ہو چکا ہے۔ دوسرا ان سب سے الگ فی سبیل اللہ ہے۔ اس سے مراد تمام مفسرین کے اتفاق کے ساتھ جہاد فی سبیل اللہ ہے۔ مجاہد غنی بھی ہو تو اس پر جہادی ضروریات کی خاطر خرچ کیا جا سکتا ہے۔ حدیث میں حج و عمرہ کو بھی اس مد میں شامل کیا گیا ہے۔

اہل علم کا فیصلہ ہے کہ اگر ایک طرف فقراء و مساکین ہوں اور ایک طرف غازیانِ اسلام کو ضرورت ہو تو مجاہدین کی مدد کو ترجیح دی جائے گی، کیونکہ شکست کی صورت میں فقر و مسکنت کے ساتھ کفار کی غلامی کی ذلت اور اسلام کی بے حرمتی کی مصیبت بھی جمع ہو جائے گی۔  

8- وَابْنِ السَّبِيلِ: مسافر خواہ صاحب حیثیت ہو اگر سفر میں اسے ضرورت پڑجائے تو اس پر زکوٰۃ میں سے خرچ کیا جا سکتا ہے۔

 

  اگر آپ اپنی جائیداد سے قرض ادا نہیں کرسکتے، یعنی اگرآپ اپنےمال سے قرض ادا کریں گے تو فقیر ہو جائیں گے تو آپ قرض کی ادائیگی کے لیے زکوۃ لے سکتے ہیں۔

  آپ نے اپنی بہن کو آبائی گھر سے جو حصہ دینا ہے وہ قرض نہیں ہے،  بلکہ بہن کا حق ہے جو آپ کے پاس ہے، وہ آپ زکوۃ لے کرادا نہیں کریں گے۔

اگر آپ طے شدہ رقم اپنی بہن کو ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تو آبائی جائیداد میں سے اس کا حصہ اس کے حوالے کر دیں ۔

والله أعلم بالصواب

1- فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی صاحب حفظہ اللہ

2- فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال صاحب حفظہ اللہ

ماخذ:محدث فتویٰ کمیٹی