السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
موجودہ دور میں جیسا کہ قتل وغارت عام اور عالم کفر مسلمانوں کی جمعیت ختم کرنےکے لیے انہیں دست و گریبان کئے ہوئے ہے۔ اس کے لیے دنیا کے اکثر مسلم خطوں میں مسلمان تنظیموں کی ان کی حکومتوں کے ساتھ مسلح کشمکش جاری ہے او راس سب کچھ بدلے میں کفر کے ناپاک عزائم پورے ہورہے ہیں جن سے وہ امت مسلمہ کو اتحاد سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں سرحدی علاقوں میں جاری کشمکش میں بہت سے جہادی گروپ پاکستانی ملٹری کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ وجہ جو کچھ بھی ہو ہماری رائے میں اس وقت مسلما نوں کو اتحاد کی اشد ضرورت ہے ناکہ تنظیموں کو اپنے حکمرانوں کے خلاف مسلح جدوجہد کی۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی فوج کے خلاف کسی بھی گروہ کے مسلح اقدام سے اسلام دشمن عناصر یعنی امریکہ او رانڈیا کو خوشی اور فائدہ پہنچ رہا ہے۔ ان حالات میں اپنی پوزیشن آپ خود درست سمجھ سکتے ہیں کہ خیال رہے کہ آپ کا کوئی بھی اقدام کرنے سے کفر کا فائدہ بھی نہ ہو او راسلام کا نقصان بھی نہ ہو، لہٰذا اس فتنہ سے بچنا کہ جس میں مسلمان قتل ہورہے ہیں ضروری ہے ۔ لہٰذا آپ اگر کسی ایک گروہ پر مطمئن نہیں تو احوط یہی ہے کہ غیر جانبدارانہ پالیسی اپناتے ہوئے کسی بھی گروہ کے اس تعاون سے کہ جس سے مسلمانوں کا جانی نقصان ہو گریز کرنا چاہیے۔ واللہ اعلم باقی رہا تنظیموں میں شمولیت کا مسئلہ تو وتعاونو بالبر والتقویٰ کے تحت نیکی کے کاموں میں کسی بھی قرآن و سنت کی داعی جماعت میں شمولیت اختیار کی جاسکتی ہے۔ بشرطیکہ ان کے افکار و افعال قرآن و سنت کے مطابق ہوں او راسی بنیاد پر ان سے تعاون بھی ہوسکتا ہے۔