تقدیر الٰہی سے یہ حادثہ رونما ہوا کہ میں اپنے کام سے واپس آنے کے بعد کھیتی کو گاہنے کیلئے نکلا اور جب میں نے گاڑی سٹارٹ کی تو میری تین سالہ بیٹی جو کہ گاڑی کے پیچھے کھڑی تھی گر کر فوت ہ گئی کیونکہ مجھے وہ کھڑی ہوئی نظر نہ آئی۔ براہ کرم فتویٰ عطا فرمائیں کہ مجھ پر شرعاً کوئی فدیہ واجب ہے یا نہیں ؟ یاد رہے میں کاشتکار ہوں ‘ سارا دن کام کرتا ہوں اور روزے رکھنا میرے لئے بہت مشکل ہے۔
اگر امر واقع اسی طرح ہے جس طرح آپ نے ذکر کیا ہے آپ نے غلطی سے بچی کو قتل کر دیا اور گاڑی کے ارگرد کا جائزہ لینے میں کوتاہی کی تو اس صورت میں آپ پر لازم ہے کہ دیت ادا کریں الایہ کہ بچی کے وارث معاف کر دیں ‘ یاد رہے آپ اس بچی کے وارث نہیں ہوں گے۔ نیزآپ پر قتل کا خطا کا کفارہ بھی لازم ہے اور وہ یہ ہے کہ ایک مسلمان غلام کو آزاد کریں اور اگر وہ میسر نہ ہو تو متواتر دو ماہ کے روزے رکھیں ‘ اس سلسلہ میں مسکینوں کا کھانا کھلانا یا انہیں نقدی دینا دست نہیں ہے کیونکہ قتل خطا کے کفارہ میں اللہ تعالیٰ نے صرف دو غلام آزاد کرنے اور روزے رکھنے ہی کا ذکر فرمایا ہے اور تمہارا پروردگار بھولنے والا نہیں۔ چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
‘’ اور کسی مومن کیلئے جائز نہیں کہ وہ کسی دوسرے مومن کو قتل کر ڈالے ‘ مگر یہ کہ غلطی ہو جائے اور جو شخص کسی مومن کو غلطی سے قتل کر ڈالے تو اس کی سزا یہ ہے کہ وہ ایک مسلمان غلام آزاد کر دے اور مقتول کے وارثوں کو خون بہا دے ‘ ہاں اگر وہ معاف کر دیں تو ان کو اختیار ہے اور جس کو مسلمان غلام میسر نہ ہو وہ متواتر دو مہینے کے روزے رکھے۔ یہ کفارہ اللہ کی طرف سے قبولیت توبہ کیلئے ہے اور اللہ سب کچھ جانتا اور بڑی حکمت والا ہے‘‘۔
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب