السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
محرم کے بغیر بیرون ملک سے کسی خادمہ کے آنے کے بارے میں کیا حکم ہے کیا خادمہ کا محرم کے بغیر اپنے ملک سے آنا اور محرم کے بغیر اس گھر میں قیام کرنا جہاں وہ خدمت سرانجام دیتی ہو،ممنوع ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
محرم کے بغیر کسی عورت کے لئے سفر کرنا جائز نہیں خواہ وہ خادمہ ہو یا کوئی اور کیونکہ نبیﷺ نے فرمایا ہے:
((ولاتسافر المرأة إلا مع ذى محرم )) ( صحيح البخاري)
’’محرم کے بغیر کوئی عورت سفر نہ کرے۔‘‘
البتہ گھر میں اس کی موجودگی محرم کی محتاج نہیں ہے لیکن کسی اجنبی مرد کو اس کے ساتھ خلوت کی اجازت نہیں ہے کیونکہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا ہے:
((لا يخلون رجل بامرأة إلا مع ذى محرم )) (صحيح البخاري)
’’کوئی مرد محرم کے بغیر کسی عورت کے ساتھ خلوت اختیار نہ کرے۔‘‘
نیز آپﷺ نے فرمایا ہے:
((لايخلون أحدكم بامرأة فإن الشيطان ثالثهما )) ( جامع الترمذي)
’’جب بھی کوئی مرد کسی عورت کے ساتھ خلوت اختیار کرتا ہے تو ان میں تیسرا شیطان ہوتا ہے۔‘‘
اس حدیث کو امام احمد ؒ نے صحیح سند کے ساتھ حضرت عمر ؓ سے روایت کیا ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب