سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

رمضان میں عمرہ حج کے برابر ہے

  • 9205
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 1771

سوال

رمضان میں عمرہ حج کے برابر ہے
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا احادیث سے یہ ثابت ہے کہ رمضان میں عمرہ حج کے برابر ہے؟ یا رمضان میں بھی اس کا ثواب دیگر تمام مہینوں کی طرح ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

ہاں صحیح مسلم میں ہے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

(عمرة في رمضان تعدل حجة) (صحيح مسلم‘ الحج‘ باب فضل العمرة في رمضان‘ ح: 1256 والترمذي‘ الحج‘ باب ما جاء في عمرة رمضان‘ ح: 939 واللفظ له)

"رمضان میں عمرہ حج کے برابر ہے۔"

یعنی اس کا ثواب حج کے برابر ہے۔ اس کے یہ معنی نہیں کہ اگر آدمی نے حج نہ کیا ہو تو رمضان میں عمرہ کرنے سے اس سے حج ساقط ہو جائے گا جیسا کہ حدیث میں ہے کہ سورہ اخلاص ایک تہائی قرآن کے برابر ہے۔ لیکن یہ باقی قرآن سے انسان کو بے نیاز نہیں کر سکتی۔ نماز میں اگر کوئی شخص تین بار سورہ اخلاص پڑحھ لے تو وہ سورہ فاتحہ سے بے نیاز نہیں ہو سکتا، اسی طرح اگر دس بار یہ پڑح لے:

(لا اله الا الله وحده لا شريك له‘ له الملك وله الحمد‘ وهو علي كل شئيء قدير) (صحيح مسلم‘ الذكر‘ باب فضل التهليل والتسبيح والدعاء‘ ح: 2693)

تو یہ حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اولاد سے چار غلام آزاد کرنے کے برابر ہے، لیکن اگر کسی انسان پر گردن آزاد کرنا لازم ہو تو محض ان کلمات کا پڑھنا کفایت نہیں کرے گا۔ اس سے معلوم ہوا کہ کسی چیز کے برابر ہونے سے یہ لازم نہیں آتا کہ یہ اس سے کفایت بھی کر سکتی ہے۔

ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

محدث فتوی

فتوی کمیٹی

تبصرے