السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
عورت کو مرد جیسا جو تا پہننا جا ئز ہے یا نہیں۔؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
خاص مرد کا لباس عورت کو پہننا جائز نہیں۔اور خاص عورت کا مرد کو جائز نہیں چنانچہ مشکوۃ باب الترجل صفحہ 385 میں حدیث ہے۔
«عن ابی هريرة رضی الله تعالیٰ عنه قال لعن رسول الله صلی الله عليه وسلم الرَّ جل يلبس لبسة المرأۃ والمرأۃ تلبس لبسة الرَّجلِ» (رواہ ابو داؤد)
’’یعنی ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس مرد پر لعنت کی ہے جو عورت کا پہناوا پہنتا ہے۔ اور عورت پر بھی جو مرد کا پہناوا پہنتی ہے۔‘‘
نیز مشکوٰۃ باب مذکور صفحہ 358 میں ایک اور حدیث ہے۔
«عن ابن عبا س رضی الله تعالیٰ عنه قال قال النبیُّ صلی الله عليه وسلم لعن الله المتشبِّهين من الرجال بالنساء والمتشبِّهات من النساء بالرَّجال۔»
’’یعنی ابن عبا س رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ اللہ لعنت کرے ان مردوں پر جو عورتوں سے متشا بہت کرتے ہیں۔ اور ان عورتوں پر جو مردوں سے متشابہت کرتی ہیں۔‘‘
اِن دونوں حدیثوں سے معلوم ہوا کہ مردکا مخصوص پہنناوا عورت کو اور عورت کا مردکو جس سے ایک دوسرے سے مشابہت پیدا ہو جائز نہیں پس جوتا بھی جو خاص مرد کا ہے عورت کو جائز نہیں۔اِس کے علاوہ عورت ہر قسم کا جوتا پہن سکتی ہے۔خواہ سلیپرہویا جوتا بیٹھی ایڑی یا کھڑی ایڑی والا ہو خواہ سادہ ہو یا مرصع ہو۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب