سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(911) کیا اہلحدیث نام بدعت ہے ؟؟؟

  • 5477
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-27
  • مشاہدات : 2345

سوال

(911) کیا اہلحدیث نام بدعت ہے ؟؟؟

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

(۱) کیا اہلحدیث نام بدعت ہے ؟؟؟ (۲)  کیا رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلم کے قول وفعل میں تضاد ہے ؟؟؟  (۳) کیا ہمارے نزدیک رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلم کا ہر حکم واجب التعمیل نہیں ہے ؟؟؟ (۴) کیا ہم (اہلحدیث) مقلد ہیں ؟؟؟ (تقلید شخصی) (۵) ’’مسلک‘‘ ہونا غلط ہے اور کیا ہم ’’مسلک اہلحدیث‘‘ سے تعلق رکھتے ہیں؟؟؟ (۶) کیا ہمارے دین چار ہیں۔(i)قرآن (ii)حدیث(iii) اجماع صحابہ وتابعین (iv) قیاس؟؟؟  ۷۔ جماعت المسلمین کی دعوت صحیح ہے یا غلط ؟؟؟                                           حافظ امتیاز الحق کراچی13/9/86


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

:(۱) لفظ ’’اہل حدیث‘‘ بحیثیت نام ویسا ہی ہے جیسا لفظ ’’جماعت المسلمین‘‘ کیونکہ بحیثیت نام دونوں لفظ کتاب وسنت میں وارد نہیں ہوئے بعض احادیث میں ’’جماعت المسلمین‘‘ کا لفظ وارد ہوا ہے مگر وہ بحیثیت نام نہیں ہے جیسا کہ اس حدیث کے سیاق ومتن سے واضح ہے ۔ لہٰذا ایک نام کو بدعت کہنا اور قرار دینا اور دوسرے کو بدعت نہ کہنا اورنہ قرار دینا قرین انصاف نہیں ۔ یاد رہے لفظ ’’اہلحدیث‘‘ کا اسی صورت میں کسی صحیح حدیث میں وارد ہونا معلوم نہیں ۔

(۲) رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلم کے قول وفعل میں کسی قسم کا کوئی تضاد وتناقض نہیں ہے ۔

(۳) ہمارے نزدیک رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلم کا ہر حکم واجب التعمیل ہے ماسوائے اس حکم کے جس کے متعلق کتاب اللہ یا سنت رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلم میں کوئی قرینہ صارفہ موجود ہو ۔

(۴) ہم عقیدہ رکھتے ہیں کہ تقلید ناجائز ہے خواہ شخصی ہو یا مطلق کوئی اہلحدیث یا جماعت المسلمین کا فرد تقلید کرتا ہے تو یہ اس کی کوتاہی ہے جس سے باز آنا ضروری ہے ۔

(۵) مسلک یا مذہب کی حیثیت وہی ہے جو قول یا فتویٰ کی ہے اسلام کے منافی جس طرح قول وفتویٰ ناجائز ہے اسی طرح اسلام کے منافی مسلک یا مذہب بھی ناجائز۔

(۶) دین صرف اسلام ہے جو کتاب وسنت میں محفوظ ہے اور ابد الآباد تک محفوظ رہے گا حجت صرف کتاب وسنت ہے اجماع اور قیاس کا حجت ہونا قرآن مجید اور رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلم کی سنت اور حدیث سے ثابت نہیں ۔ (۷) جماعت المسلمین کی دعوت چند چیزوں کو چھوڑ کر صحیح ہے۔

    ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

قرآن وحدیث کی روشنی میں احکام ومسائل

جلد 01 ص 630

محدث فتویٰ

تبصرے