سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(875) ہمارا ایک کھیت ہے اس کو پانی میری بیگم لگا رہی ہے

  • 5276
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 1310

سوال

(875) ہمارا ایک کھیت ہے اس کو پانی میری بیگم لگا رہی ہے
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

خواب نمبر ۱:… ہمارا ایک کھیت ہے اس کو پانی میری بیگم لگا رہی ہے کھیت کا کچھ حصہ پانی سے بھرا ہوا ہے اور باقی کو پانی لگ رہا ہے ۔ قریب ہماری ایک بطخ پھر رہی ہے کہ اچانک ایک چیل آتی ہے ایسے محسوس ہوتا ہے وہ کھیت کے ہمسایوں کا کوئی جانور ہے وہ ہماری بطخ کو قریب گندے پانی کی نالی میں ڈبو رہی ہے بیگم مجھے پکار پکار کر بتا رہی ہے اور ساتھ ہنس بھی رہی ہے لیکن میں خاموشی سے دیکھ رہا ہوں اور بیگم سے پانی کے بارے میں پوچھ رہا ہوں کل کھیت کہاں تک پانی سے بھرا تھا اور آج کہاں سے شروع ہو گا ، اس کے بعد بیدار ہو جاتا ہوں اور وضو کر کے تہجد پڑھنا شروع کر دیتا ہوں۔

خواب نمبر۲:… میں اپنے کھیت میں آموں کے درخت جو کہ دو یا تین عدد ہیں جاتا ہوں کھیت میرا ہے لیکن رکھوالی میرے تایا زاد کا بیٹا اور اس کا بیٹا یعنی بھتیجا کر رہا ہے ۔ قریب میرا بیٹا کھیل رہا ہے ، ابھی پونے دو سال عمر ہے اور نام ہے محمد ۔ رشتے دار بہنیں وغیرہ بھی موجود ہیں خاص دوست بھی موجود ہیں کہ اچانک بیٹے کی طبیعت خراب ہو جاتی ہے پیچش، کھانسی، اُلٹیاں اور سینے کی درد وغیرہ ۔ ڈاکٹر آتا ہے کہتا ہے فوری خون کی ضرورت ہے سب خون دینے کے لیے تیار ہیں خاص کر دوست فوراً اپنے اپنے بازو آگے بڑھاتے ہیں لیکن ڈاکٹر اچانک میرا ہاتھ پکڑتا ہے اور خلافِ قانون ہاتھ کی اندروالی سائیڈ یعنی تلی میں انگوٹھے کے قریب موٹے ماس سے فوراً ایک بڑا سرنج خون کا نکال لیتا ہے کہ یہ ٹھیک ہے میں روئی سے اس جگہ کو دبا کر رکھتا ہوں پھر وہ ٹھیک ہو جاتی ہے بچہ بھی ٹھیک ہوجاتا ہے ۔ یاد رہے کھیت ہمارا ضلع گوجرانوالہ میں ہے چاہیے والا گاؤں میں لیکن جو ڈاکٹر علاج کرتا ہے وہ فیصل آباد میں رہتا ہے یہ بھی بات سامنے رکھیں ہم بھی مستقل طور پر رہائش فیصل آباد میں اختیار کر چکے ہیں۔ ساتھ کوئی ایسی کتاب کا نام بتائیں جس میں خوابوں کی تعبیروں کے بارے میں آدمی جان سکے یعنی اس علم میں ماہر ہو سکے کتاب اُردو میں ہونی چاہیے۔

نوٹ: …خواب نمبر ۲ میں ایک بات رہ گئی وہ یہ ہے کہ میں آموں کے درخت کے نیچے سے ایک بڑا آم اُٹھاتا ہوں ایک اور پڑا ہے بھائی کہتا ہے یہ بھی اُٹھا لے لیکن میں نہیں اُٹھاتا اور درخت پر ایک بڑے آم کی طرف دیکھتا ہوں جو آم اُٹھاتا ہوں وہ میں کھاتا بھی ہوں۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

خواب نمبر ۱ ، خواب نمبر ۲ دونوں خوابوں کی تعبیر یہی فی الحال ذہن میں آرہی ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو دین و دنیا میں ترقی عطا فرمائیں گے ۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ۔ البتہ اس سلسلہ میں کچھ آزمائش ہے جس سے آپ بال بال بچ جائیں گے۔ ان شاء اللہ تبارک و تعالیٰ۔

تعبیر رؤیا کے موضوع پر ابن سیرین کی کتاب قدیم و مشہور ترین ہے اس کا مطالعہ فرمائیں پھر کتب احادیث میں ایک مستقل عنوان ہوتا ہے ’’کتاب تعبیر الرؤیا ‘‘ اس کا مطالعہ بھی فائدہ سے خالی نہیں۔    ۲۶، ۲، ۱۴۲۴ھ

 

قرآن وحدیث کی روشنی میں احکام ومسائل

جلد 02 ص 818

محدث فتویٰ

تبصرے