برائلر مرغیوں کو خون سے بنی ہوئی خوراک کھلائی جاتی ہے کیا حرمت خون کی وجہ سے ان کا گوشت نہ کھایا جائے ؟ جبکہ ذبح کرتے وقت بھی ایک دفعہ تکبیر پڑھ کر ساری مرغیوں کو ذبح کیا جاتا ہے۔ اگر شہ رگ بھی صحیح نہیں کاٹی جاتی ایسا گوشت کھانا کیسا ہے؟ (ماسٹر عبدالرؤف)
فارمی یا غیر فارمی مرغی جلالہ بن جائے تو حرام ہے ۔ خون حرام ہے انسانوں اور جنوں پر نہ کہ مرغیوں اور حیوانوں پر ۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: {إِنَّمَا حَرَّمَ عَلَیْکُمُ الْمَیْتَۃَ وَالدَّمَ} علیکم پر غور فرمائیں کم میں کون کون سی چیزیں آتی ہیں ۔ ذبح کرتے وقت اللہ کا نام ( بسم اللہ واللہ اکبر) نہیں لیا گیا تو بھی جانور حرام ہے ۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: {وَلَا تَاْکُلُوْا مِمَّا لَمْ یُذْکَرِ اسْمُ اللّٰہِ عَلَیْہِ} اگر گردن کی دونوں جانب اوداج رگیں نہیں کاٹی جاتیں تو بھی حرام ہے۔ واللہ اعلم ۹،۱۲،۱۴۲۳ھ