غیبت اور چغلی میں کیا فرق ہے؟ اور صدقہ اور خیرات میں کیا فرق ہے ؟ میرے کم علم کے مطابق تو غیبت اور چغلی ایک ہی ہیں اور صدقہ و خیرات بھی ایک ہی چیز کے دو نام ہیں (قاری محمد یعقوب گجر)
غیبت کا مطلب ہے : ((ذکرک أخاک بما یکرہ)) 3اس سے عام کہ غیبت کرنے والے کی غرض افساد فی الناس ہو یا نہ۔ اور نمیمہ و چغلی میں غرض افساد بین الناس ہوتی ہے۔ تو ہر نمیمہ و چغلی غیبت ہے ولا عکس ہر غیبت نمیمہ و چغلی نہیں تو دونوں میں عموص خصوص مطلق والی نسبت ہے۔
عربی کے اعتبار سے صدقہ خاص نیکی ہے ، جبکہ خیرات تمام نیکیوں اور خیرکے کاموں وغیرہ پر بولا جاتا ہے ۔ تو ہر صدقہ ، خیرات میں شامل ہے ۔ جبکہ تمام خیرات صدقہ نہیں۔ اور اگر صدقہ کا معنی بھی ((کل معروف صدقۃ)) والا لے لیا جائے تو پھر دونوں میں کوئی فرق نہیں ۔ البتہ ہمارے اُردو پنجابی عرف میں عام طور پر خیرات کا لفظ صدقہ پر بولا جاتا ہے۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
3 مسلم،کتاب البر باب تحریم الغیبۃ۔
۶،۹،۱۴۲۳ھ