سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(791) کیا تصویر بنوانے والے کو بھی عذاب یا سزا ہوگی؟

  • 5159
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-26
  • مشاہدات : 1483

سوال

(791) کیا تصویر بنوانے والے کو بھی عذاب یا سزا ہوگی؟
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

نبی اکرم  صلی الله علیہ وسلم کی حدیث ہے کہ تصویر بنانے والے کو سخت عذاب ہوگا تو کیا تصویر بنوانے والے کو بھی عذاب یا سزا ہوگی؟ اس سلسلے میں ہماری راہنمائی فرمائیں؟      (عبدالغفار ولد عنایت اللہ ، نوشہرہ ورکاں)


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

تصویر بنانے والے، تصویر بنوانے والے اور تصویر اپنے پاس رکھنے والے سب وعید کی لپیٹ میں آتے ہیں ، جیسا کہ ام المؤمنین عائشہ صدیقہ  رضی اللہ عنہما والی حدیث سے واضح ہے۔ واللہ اعلم۔

[ ’’ عائشہ  رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلم ایک سفر سے تشریف لائے اور میں نے گھر کی ڈیوڑھی یا طاقچے پر ایک پردہ ڈالا ہوا تھا جس میں تصویریں تھیں ، پس جب اسے رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلم نے دیکھا تو آپ کے چہرے کا رنگ بدل گیا اور فرمایا: اے عائشہ! قیامت والے دن اللہ کے ہاں سب سے زیادہ سخت عذاب ان لوگوں کو ہوگا جو اللہ کی پیدا کی ہوئی چیزوں میں اس کی نقل کرتے ہیں۔ عائشہ رضی اللہ عنہما فرماتی ہیں پس ہم نے اس پردے کو کاٹ دیا اور اس سے ایک یا دو تکیے بنالیے۔ ‘‘ 1

’’ عائشہ  رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلم سے جبریل نے کسی ایک گھڑی میں ان کے پاس حاضر ہونے کا وعدہ کیا ، پس وہ گھڑی تو آگئی ، لیکن جبریل نہیں آئے۔ عائشہ رضی اللہ عنہما فرماتی ہیں اور آپ کے ہاتھ میں ایک لاٹھی تھی پس آپ نے اسے اپنے ہاتھ سے پھینک دیا اور آپ کی زبان مبارک پر یہ الفاظ تھے: اللہ تعالیٰ اپنے وعدے کے خلاف نہیں کرتا اور نہ اس کے رسول۔ پھر آپ نے نظر دوڑائی تو دیکھا کہ آپ کی چارپائی کے نیچے ایک کتے کابچہ ہے ، تو فرمایا یہ کتا کب اندر گھس آیا ہے؟ (عائشہ رضی اللہ عنہما فرماتی ہیں) تو میں نے کہا: اللہ کی قسم1 مجھے تو اس کا پتہ نہیں۔ پس آپ نے اس کے متعلق حکم دیا اور اسے باہر نکالا گیا تو اس کے بعد جبریل آئے۔ پس رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: تم نے مجھ سے وعدہ کیا تھا میں تمہارے لیے بیٹھا رہا، لیکن تم آئے نہیں، تو جبریل نے عرض کیا: مجھے اس کتے نے روک رکھا جو آپ کے گھر میں تھا۔ ہم اس گھر میں داخل نہیں ہوتے جس میں کتا یا کوئی تصویر ہو۔ ‘‘]2

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

 1  صحیح بخاری، کتاب اللباس، باب ماوطیٔ من التصاویر، صحیح مسلم، کتاب اللباس، باب لا تدخل الملائکۃ بیتا فیہ کلب

 2  صحیح مسلم، کتاب اللباس والزینۃ، باب لا تدخل الملائکۃ بیتا فیہ کلب

 

قرآن وحدیث کی روشنی میں احکام ومسائل

جلد 02 ص 770

محدث فتویٰ

تبصرے