سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(757) جس نے جمعہ کے روز سورۂ کہف پڑھی تو اس جمعہ سے لے کر

  • 5125
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 1465

سوال

(757) جس نے جمعہ کے روز سورۂ کہف پڑھی تو اس جمعہ سے لے کر
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

رسول اللہ  صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے جمعہ کے روز سورۂ کہف پڑھی تو اس جمعہ سے لے کر اگلے جمعہ تک اس کے لیے نور اور روشنی ہو گی۔(رواہ حاکم)

(۲)ہر چیز کے لیے دل ہے اور قرآن مجید کا دل سورۂ یٰسین ہے جو کوئی ایک بار پڑھے گا اس کو دس قرآن پڑھنے کا ثواب ملے گا۔(ترمذی)

(۳)قرآن مجید میں ایک سورسوال ہے جس کی تیس آیتیں ہیں جو اسے پڑھے گا یہ سورسوال اس آدمی کے لیے یہاں تک شفاعت کرے گی کہ وہ بخش دیا جائے گا اور وہ سورۂ ملک ہے۔(ابن حبان ، حاکم)

(۴)جو کوئی سورۂ ملک پڑھے گا اللہ اس کو عذابِ قبر سے بچائے گا۔     (محمد یونس شاکر ، نوشہرہ ورکاں)


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

یہ حدیث حسن ہے ۔ محدث وقت شیخ البانی رحمہ اللہ تعالی نے التعلیق الرغیب میں اسے حسن قرار دیا ہے۔1

(۲)یہ روایت ضعیف ہے ۔ محدث عصر شیخ البانی رحمہ اللہ تعالیٰ نے تعلیق المشکاۃ میں اسے ضعیف لکھاہے۔2

(۳)یہ حدیث بالفاظ :((إِنَّ سُوْرَۃً فِی الْقُرْآنِ ثَـلَاثُوْن آیَۃً شَفَعَتْ لِرَجُلٍ حَتّٰی غُفِرَلَہٗ ،وَھِیَ تَبَارَکَ الَّذِیْ بِیَدِہِ الْمُلْکُ)) حسن ہے ۔محدث دوراں شیخ البانی رحمہ اللہ تعالیٰ نے تعلیق مشکاۃمیں اس کی سند کو حسن فرمایا ہے۔3

(۴)اس کا مجھے علم نہیں۔ [ترمذی/ابواب فضائل القرآن/باب ما جاء فی فضل سورۃ الملک، حدیث: ۲۸۹۰۔ ضعیف اس کی سند میں یحییٰ بن عمرو بن مالک ضعیف راوی ہے۔]                     ۲۰/۷/۱۴۲۱ھ

1 مشکوٰۃ/کتاب فضائل القرآن/الفصل الثانی، حدیث:۲۱۷۵۔

2 مشکوٰۃ/باب فضائل القرآن/الفصل الثانی ، حدیث:۲۱۴۷۔     3 مشکوٰۃ/کتاب فضائل القرآن/الفصل الثانی ، حدیث:۲۱۵۳۔

 

قرآن وحدیث کی روشنی میں احکام ومسائل

جلد 02 ص 747

محدث فتویٰ

تبصرے