:… اگر کسی عورت کا خاوند فوت ہو جائے اس عورت کا نکاح خاوند کی برادری میں سے کسی آدمی سے کروا کر پھر طلاق دی جائے تو کیا وہ اپنے پہلے خاوند کی جائیداد جو مر چکا تھا ا س کی وارث ہو گی یا نہیں جبکہ اس کی اس سے اولاد بھی ہو؟ (محمد شکیل ، فورٹ عباس)
عورت اپنے فوت ہونے والے خاوند کے ترکہ میں حصہ دار ہے خواہ بعد میں دوسرے آدمی سے نکاح نہ کرے خواہ نکاح کرے ، پھر دوسرا خاوند خواہ اسے طلاق دے چکا ہو خواہ طلاق نہ دے ، ہر حال میں عورت اپنے متوفی خاوند کے ترکہ میں حصہ دار ہے الا کہ اپنے خاوند سے پہلے فوت ہو جائے یا خاوند متوفی نے اسے طلاق دے رکھی ہو جس کی عدت بھی وفاتِ خاوند سے پہلے ختم ہو چکی ہو یا طلاق رجعی نہ ہو یا نکاح وفات خاوند سے پہلے فسخ ہو چکا ہو یا بیوی وفات خاوند سے پہلے پہلے دائرہ اسلام سے خارج ہو چکی ہو ۔ أعاذھا اللہ من ذلک۔ نیز اولاد ہو خواہ نہ ہو بیوی اپنے خاوند کی وارث ہو گی۔ ۱۲؍۱۰؍۱۴۲۱ھ