سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(152) کیا حضرت خضر علیہ السلام زندہ ہیں ان کے زندہ ہونے کی کیا نوعیت ہے؟

  • 3934
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 3260

سوال

(152) کیا حضرت خضر علیہ السلام زندہ ہیں ان کے زندہ ہونے کی کیا نوعیت ہے؟

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا حضرت خضر علیہ السلام زندہ ہیں ان کے زندہ ہونے کی کیا نوعیت ہے ان کی زندگی اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی زندگی میں کیا فرق ہے کیا خضر معہ جسد خاکی زندہ ہیں؟ (عبدالمجید متعلم بی اے ڈائمنڈ بیکری نزد چھوٹکی گھٹی شاہی بازار حیدر آباد( سندھ  )


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

حضرت خضر علیہ السلام کی حیات کے متعلق کوئی صاف روایت نہیں کہ وہ زندہ ہیں صرف آبِ حیات کی جگہ رہنے سے بعض لوگوں کا خیال ہے کہ وہ زندہ ہیں۔ اس قسم کی بعض اور روایتیں بھی ہیں۔ جیسے حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے وقت آواز آئی جس میں گھر والوں کو صبر کی تلقین کی گئی اس موقع پر حضرت علی رضی اللہ عنہ نے کہا یہ آواز دینے والے حضرت خضر علیہ السلام ہیں۔( مشکوٰۃ : باب وفات النبی صلی اللہ علیہ وسلم فصل ۳، ص۵۵۰)

لیکن یہ حدیث بالکل ضعیف ہے قابل استدلال نہیں، اگر اس کو تسلیم بھی کیا جائے تو اس سے زندگی ثابت ہوتی ،کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ معراج کی رات انبیاء علیہم السلام کی گفتگو ہوئی ہے حالانکہ سوائے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے باقی انبیاء بالاتفاق فوت ہو چکے تھے سو ایسے ہی اگر فو تشدہ کی آواز زندہ نے سنی ہو تو یہ کوئی انوکھی بات نہیں بلکہ یہ چیز کرامت کی قسم سے ہو سکتی ہے۔( عبداللہ امرتسری روپڑی لاہورفتاویٰ روپڑی: جلد اول، صفحہ ۱۷۳،۱۷۴)

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاوی علمائے حدیث

جلد 09 ص 345

محدث فتویٰ

تبصرے