السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
کیا قد کے بارہ میں کوئی حدیث ہے جس سے ثابت ہو کہ فلاں نبی کا قد اتنا لمبا تھا اور کیا اس کا بھی ثبوت ہے کہ آدمی نو گز تک لمبے ہوئے ہیں؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
صحیح بخاری و مسلم میں حدیث ہے:
((خلق اللّٰہ اٰدم عَلٰی صورته طوله ستون ذراعًا))
’’یعنی اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم کو اپنی صورت پر پیدا کیا، اس کا قد ساٹھ ہاتھ تھا۔‘‘
اس حدیث کے اخیر میں یہ الفاظ ہیں:
((فلم یزل الخلق ینقص حتی الاٰن))
’’یعنی اس کے بعد مخلوق کے قد میں کمی واقع ہوتی رہی حتی کہ معاملہ ہم تک پہنچا۔‘‘
اس حدیث کو بنیاد بنا کر علامہ شوکانی رحمۃ اللہ علیہ نے فتح القدیر سورہ مائدہ کی تفسیر میں اور ملا علی قاری حنفی رحمۃ اللہ علیہ نے الموضوعات الکبیر میں عوج بن عنق کے من گھڑت واقعہ کا سختی سے انکار کیا ہے جس کے طول و قامت میں انتہائی مبالغہ آرائی سے کام لیا گیا ہے۔ علامہ سیوطی رحمۃ اللہ علیہ نے اس موضوع پر مستقل رسالہ لکھا ہے جس کا نام ہے: ((الاوج فی خبر العوج)) یہ رسالہ سیوطی رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب الحاوی لفتاء کے ضمن میں مطبوع ہے۔ مذکور حدیث کو بنیاد بنا کر آپ بھی ہر قصہ کو اس کسوٹی پر پرکھ سکتے ہیں۔ (اہل حدیث لاہور جلد نمبر۸ شمارہ نمبر ۲۴)
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب