السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
کیا گھروں میں طوطا پالناجائز ہے؟ جب کہ حلت کے بارے میں قرآن و سنت میں واضح الفاظ نہیں ملتے؟ (ابوطلحہ گوالہ کالونی لاہور) (۱۶جولائی ۱۹۹۹ء)
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
جانور یا پرندے کے پنجرے وغیرہ میں رکھنے کا جواز ہے۔ بشرطیکہ اس کی خوراک کا انتظام ہو۔ چاہے وہ ماکول اللحم( جس کا گوشت کھایا جا سکتا ہے۔ یا غیر ماکول اللحم صحیح حدیث میں ہے۔ نبیﷺ نے فرمایا: ایک عورت کو بلی کے سبب آگ کا عذاب دیا گیا۔ اس نے اس کو روکے رکھا۔ کھانے پینے کو کچھ نہ دیا۔ اور نہ اس کو چھوڑا کہ وہ زمین کے کیڑے وغیرہ کھا سکے۔(صحیح البخاری، کتاب بدء الخلق،بَابُ فَضْلِ سَقْیِ المَاء ِ،رقم:۲۳۶۵)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ بلی کو بند رکھنے کی صورت میں اگر وہ عورت کھانے پینے کو دیتی تو عذاب میں مبتلا نہ ہوتی۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب