سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(25) مہر کی حکمت و غایت

  • 23928
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 2751

سوال

(25) مہر کی حکمت و غایت

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

مغربی تہذیب اور مغربی افکار و نظر یات سے متاثر بعض خواتین نے مہر کے خلاف ایک ہنگامہ کھڑا کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہر لینا عورتوں کی سراسر بے عزتی اور ذلت ہے۔کیوں کہ ان کے دعوے کے مطابق مہر گویا عورت کی عزت اور اس کے جسم کی قیمت اور معاوضہ ہے جو مرد عورت کو ادا کرتا ہے۔ جیسا کہ طوائف کا جسم قیمت کے بدلے خریدا جاتا ہے۔ حالانکہ اسلام مہر کو اس زاویے سے نہیں دیکھتا ہے اور اسے عورتوں کا حق قراردیتا ہے۔ لیکن یہ خواتین اپنے موقف پر مصر ہیں ۔ گزارش ہے کہ مہر کی حکمت اور غرض و غایت واضح کریں۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

بلا شبہ جہالت اور کم علمی ایک بڑا مرض ہے اور اس سے بھی بڑا مرض یہ ہے کہ جاہل اپنے آپ کو عالم تصور کرے۔ ہمارے معاشرے میں کچھ ایسے نام نہاد روشن خیال لوگ پائے جاتے ہیں۔ جنھوں نے دنیوی علوم تو حاصل کر رکھے ہیں لیکن قرآن وسنت اور شریعت کے سلسلے میں ان کا علم صفر ہے۔ اس کے باوجود دینی معاملات و مسائل میں وہ اپنی جاہلانہ رائے دینے سے گریز نہیں کرتے۔ حد تو یہ ہے کہ قرآن و سنت کا علم نہ ہونے کے باوجود اپنی رائے کو برحق اور قرآن و سنت کے مطابق قراردیتے ہیں۔ ان میں سے بیشتر ایسے ہیں جو فقط نام کے مسلمان ہیں اور ان کے کام غیر مسلموں جیسے ہیں۔ چونکہ اسلام اور اسلامی احکام میں انہیں کوئی خاص دلچسپی اور رغبت نہیں ہے اس لیے غیر مسلموں کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے یہ لوگ بہت سارے شرعی احکام کو بدل دینا چاہتے ہیں بلکہ سرے سے ان کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ یہ لوگ خود بھی گمراہ ہیں اور دوسروں کو بھی گمراہ کرتے ہیں۔مغربی تہذیب کی چکاچوندکی وجہ سے اگر انھیں قرآن وسنت کے بعض احکام درست نہیں معلوم ہوتے تو انھیں چاہیے کہ جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے قرآن و سنت سے اپنی برات کا اعلان کردیں اور لوگوں کوبتا دیں کہ اسلام سے ان کا کوئی واسطہ نہیں ہے۔ تاکہ مسلم قوم ان کے تئیں دھوکے میں نہ رہے۔

مہر کی حیثیت قرآن وسنت سے ثابت ہے اور اس پر تمام امت کا مکمل اتفاق ہے۔ مہر ایک ایسی حقیقت ہے جسے سب جانتے اور قبول کرتے ہیں۔ البتہ اس کی حکمت و مصلحت سے بعض لوگ ناواقف ہیں اس لیے اس کی وضاحت ضروری ہے۔

(1)مہر عورت کے لیے باعث ذلت نہیں بلکہ اس کے برعکس باعث عزت و شرف ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مردوں پر فرض کیا ہے کہ نکاح کے وقت عورتوں کو مہر ادا کریں ۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ عورت ایک پسندیدہ چیز ہے جسے پانے کے لیے مرد کوشاں اور سرگرداں رہتا ہے اور اپنی اس پسندیدہ چیز کو حاصل کرنے کے لیے اپنی دولت اور پیسے خرچ کرتا ہے۔یہ تو عورت کے لیے بہت عزت کی بات ہے کہ وہ مرد کی مرغوب و پسندیدہ چیزہے۔ عورت کے لیے ذلت کی بات یہ ہے کہ مرد کو حاصل کرنے کے لیے پیسے خرچ کرے۔بعض ملکوں مثلاً ہندوستان و پاکستان وغیرہ میں مرد نہیں بلکہ عورت اپنے شوہر کو حاصل کرنے کے لیے خرچ کرتی ہے جہیز کے نام پر مرد منہ مانگی قیمت وصول کرتا ہے۔ عورت مرد کو حاصل کرنے کے لیے پیسے خرچ کرے یہ چیز اس کے لیے باعث رسوائی و ذلت ہے۔

(2) مہر کی ادائی محض اظہار الفت و محبت کے لیے ہوتی ہے۔ یہ عورت کے جسم کی قیمت اور معاوضہ نہیں ہے۔ اس کی حیثیت تحفہ(Gift)کی ہے جو مرد اپنی خوشی سے اپنی جان عزیز کو عطا کرتا ہے۔ اس سلسلے میں اللہ فرماتا ہے:

﴿وَءاتُوا النِّساءَ صَدُقـٰتِهِنَّ نِحلَةً...﴿٤﴾... سورة النساء

’’اور عورتوں کو ان کے مہر بہ طور عطیہ کرو۔‘‘

اس آیت میں مہر کو عطیہ اور تفحہ سے تعبیر کیا گیا ہے۔

(3)مہر فرض کر کے ہمیں یہ احساس دلایا گیا ہے کہ شادی بیاہ کوئی کھیل نہیں بلکہ ایک سنجیدہ عمل ہے۔ انسان اپنے روزمرہ کے کاموں میں بہت ساری کاروائیوں کے لیے فیس ادا کرتا ہے تاکہ اسے ان کا روائیوں کی اہمیت کا احساس رہے۔ اسی طرح شادی بیاہ ایک اہم اور سنجیدہ کاروائی ہے جس میں فیس کی ادائی لازمی ہے تاکہ اس کی اہمیت کا پاس و لحاظ رہے۔

(4)چونکہ فیملی کی سطح پر اللہ تعالیٰ نے شوہر کو گھر کا نگہبان اور ذمہ دار مقرر کیا ہے اور بیوی پر اسے ایک درجہ فضیلت عطا کی ہے اس لیے مرد کے لیے ضروری قراردیا گیا کہ گھر کے نان و نفقہ کا ذمے دار بھی وہی ہو اور اپنی دولت کا ایک حصہ مہر کے طور پر اپنی بیوی کو عطا کرے کیوں کہ اس شادی کی وجہ سے بیوی پر اسے فضیلت عطا کی گئی ہے۔

مہر کی ان حکمتوں اور مصلحتوں کے ساتھ ساتھ مہر سے متعلق چند باتوں کا ذہن نشین کرنا بھی ضروری ہے۔

(1) مہر کی ادائی فرض ہے لیکن اسلام نے اس بات کی ترغیب دی ہے کہ مہر کی رقم میں مبالغہ آرائی سے پرہیز کیا جائے اور اسے کم سے کم رکھا جائے تاکہ مردوں کے لیے یہ چیز باعث مشقت نہ بن جائے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم  کا ارشاد:

"أكثرهن بركة أقلهن صداقًا"

"عورتوں میں سب سے بابرکت وہ ہیں جن کا مہر سب سے کم ہے"سے یہی ثابت ہوتا ہے۔

خود نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بعض بیویوں کو محض چند درہم مہر ادا کیے۔ اپنی لاڈلی بیٹی حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا   کی شادی کے موقع پر جو قلیل مہر مقرر کیا تھا وہ محض ایک زرہ پر مشتمل تھا۔ بلکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم  نے بعض صحابہ کی شادیوں کے موقع پر مہر مقرر کیا  کہ وہ اپنی بیویوں کو قرآن کی تعلیم دیں۔

(2)مغرب زدہ لوگوں کی یہ سوچ غلط ہے کہ مہر عورت کے جسم اور جنسی لذت کا معاوضہ ہے۔ کیوں کہ شادی کے بعد صرف شوہر اپنی بیوی سے جنسی لذت نہیں اٹھاتا ہے بلکہ بیوی بھی اپنے شوہر کے جسم سے جنسی لذت اٹھاتی ہے۔ شادی کے بعد دونوں ہی ایک دوسرے سے جنسی لذت اٹھاتے ہیں لیکن مہر صرف مرد ادا کرتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ مہر جنسی لذت کا معاوضہ نہیں ہے۔

(3)یہ سوچنا غلط ہے کہ شادی کا مقصد صرف جنسی لذت کا حصول ہے۔ جنسی لذت کا حصول شادی کے بہت سارے مقاصد میں سے ایک مقصد ہے۔ اس لیے مہر کو اس نظر سے دیکھنا کہ یہ چیز جنسی لذت کا معاوضہ ہے ایک غلط سوچ ہے شادی کا مقصد جہاں جنسی لذت کا حصول ہے وہیں اس کے دوسرے مقاصد بھی ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔

﴿وَمِن ءايـٰتِهِ أَن خَلَقَ لَكُم مِن أَنفُسِكُم أَزو‌ٰجًا لِتَسكُنوا إِلَيها وَجَعَلَ بَينَكُم مَوَدَّةً وَرَحمَةً إِنَّ فى ذ‌ٰلِكَ لَءايـٰتٍ لِقَومٍ يَتَفَكَّرونَ ﴿٢١﴾... سورة الروم

’’اور اس کی نشانیوں میں سے ہے کہ اس نے تمھارے لیے تم ہی سے بیویاں پیدا کیں تاکہ تم ان سے سکون حاصل کرو۔ اور اس نے تمھارے درمیان محبت و رحمت کا جذبہ پیدا کیا۔ بلا شبہ اس میں ان لوگوں کے لیے نشانیاں ہیں جو غورو فکر کرتے ہیں۔‘‘

البتہ اسلام جنسی لذت کے حصول کو ایک گندا اور گھناؤ ناعمل نہیں قراردیتا ہے بلکہ اسلام کی نظر میں حلال طریقہ سے جنسی لذت حاصل کرنا بھی ایک کار ثواب ہے جیسا کہ بعض حدیثوں میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم  نے اس کی وضاحت کی ہے۔

  ھذا ما عندی والله اعلم بالصواب

فتاوی یوسف القرضاوی

عورت اور خاندان،جلد:2،صفحہ:165

محدث فتویٰ

تبصرے