السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
کیا لوگوں کو قیامت کے دن ماں کے نام سے بلایا جائے گا؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
قیامت کے روز ہر ایک کو اُس کی ماں کے نام سے نہیں بلکہ اس کے باپ کے نام سے بلایا جائے گا۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں:
(إن الغادر يرفع له لواء يوم القيامه يقال هذه غدرة فلان ابن فلان) (بخاري، الادب، یدعی الناس بابائھم، ح: 6178)
’’قیامت کے دن ہر دھوکے باز کی دبر میں ایک جھنڈا ہو گا اور کہا جائے گا کہ یہ دھوکے باز فلاں ہے، جو فلاں شخص کا بیٹا ہے۔‘‘
ایک اور حدیث میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(إِنَّكُمْ تُدْعَوْنَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ بِأَسْمَائِكُمْ وَأَسْمَاءِ آبَائِكُمْ ، فَحَسِّنُوا أَسْمَاءَكُمْ) (ابوداؤد، الادب، فی تغییر الاسماء، ح: 4948)
’’تم روز قیامت اپنے اور اپنے باپ کے نام کے ساتھ بلائے جاؤ گے اس لیے نام اچھے رکھا کرو۔‘‘
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب