سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(170) دو منزلہ مکان میں سے اوپر والی منزل کو مسجد بنانا اور نیچے کی منزل کو کرایہ پر دینا جائز ہے

  • 2364
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-26
  • مشاہدات : 4098

سوال

(170) دو منزلہ مکان میں سے اوپر والی منزل کو مسجد بنانا اور نیچے کی منزل کو کرایہ پر دینا جائز ہے
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

 کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں، کہ ایک شخص نے کچھ زمین مسجد کے واسطے خریدی لیکن پہلے سے اس زمین میں دو منزلہ مکان بنا ہوا تھا، مشتری اوپر کی منزل کو مسجد اور نیچے کو کرایہ پر واسطے خرچ مسجد کے دینا چاہتا ہے، اس صورت میں یہ مسجد، مسجد کا حکم رکھے گی، اور کرایہ پر مکان دینا جائز ہو گا یا نہیں۔ بینوا توجروا

__________________________________________________

الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

صورت مرقومہ بالا میں معلوم کرنا چاہیے، کہ کتاب اللہ و سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم کی رو سے صورت مسئول عنہا جائز و درست معلوم ہوتی ہے۔ اور یہ مسجد کا حکم رکھے گی، اور مکان مسجد کے مصالح کے لیے کرایہ پر دینا جائز ہو گا، تاکہ مسجد کی درستی رہے اور ہمیشہ آباد رہے، اس کے اخراجات ضروریہ کے لئے آمدنی کی صورت نکالنا درست و جائز ہے، جیسا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے خادم مسجد نبوی کے آرام کے لیے مسجد نبوی میں یعنی نہ کنارے میں نہ ادھر نہ ادھر اندرون مسجد کے ایک حجرہ بنایا تھا، اور اس کا رہنا سہنا وہاں ہی ہوتا تھا، جیسا کہ صحیح بخاری صفحہ ۶۳ میں موجود ہے اور نیز صحیح بخاری صفحہ ۶۶ میں موجود ہے، کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد نبوی میں بعض لوگوں کے فائدے کے لیے خیمہ لگوا دیا، وہ اس میں مدت تک رہے۔
غرضیکہ اندرون مسجد یا تحت مسجد یا بالائے مسجد میں کوئی مکان بنانا مصالح مسجد کے لیے درست و جائز ہے، وہ مکان مسجد کو مسجد کے حکم سے خارج نہ کرے گا، جیسا کہ یہ دونوں حدیثیں دلالت کرتی ہیں اور یہ بھی حکم خدا اور رسول ہے کہ جہاں خاص حکم شرعی نہ ہو، وہاں عام حکم شرعی سے استدلال کرنا جائز ہے۔ جیسا کہ صحیح بخاری و مسلم وغیرہ کتب حدیث میں اور خاص کر بخاری کے صفحہ ۱۰۹۳ میں موجود ہے۔
سئل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عن الحمر فقال: «ما انزل اللہ علی فیھا الّا ھذہ الاٰیة الجامعة ﴿فمن یعمل مثقال ذرّة خیرا یرہ﴾ الایة»
’’آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے گدھوں کے متعلق سوال کیا گیا تو آپ نے فرمایا، ان کے لیے کوئی الگ حکم تو مجھ پر نازل نہیں پس یہ آیت جامع موجود ہے۔ جو ایک ذرہ کے برابر نیکی کرے گا، اس کو دیکھ لے گا‘‘۱۲
اور اس پر امام بخاری علیہ الرحمۃ نے یوں باب منعقد کیا ہے  باب الأحکام التی تعرف بالدلائل الخ اور نیز آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جن احکام کو ناجائز فرمانا تھا ، ناجائز فرمایا اور جن کو جائز فرمانا تھا ان کو جائز فرمایا، اور جن جگہوں سے خاموشی کی ہے تومت کرید کرو، یعنی وہ معاف ہے، جیسا کہ مشکوٰۃ صفحہ ۲۴ میں موجود ہے ابو ثعلبہ خشنی سے۔
اور یہ اظہر من الشمس ہے، کہ اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے کہیں منع نہیں فرمایا، کہ اوپر مسجد اور نیچے مکان کرایہ مصالح مسجد کے لیے نہ بنانا، بلکہ اللہ تعالیٰ نے یوں ارشاد فرمایا ہے:
﴿ وَمَا جَعَلَ عَلَيْكُمْ فِي الدِّينِ مِنْ حَرَ‌جٍ ۚ
’’اللہ تعالیٰ نے تمہارے دین میں کوئی تنگی نہیں رکھی‘‘۱۲
اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یوں ارشاد فرمایا ہے
«یسرو او لا تعسروا» الحدیث
’’یعنی آسانی کرو اور تنگی نہ کرو۔‘‘۱۲
یعنی عالموں کو چاہیے، کہ جہاں کہیں اللہ تعالیٰ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے سختی نہیں فرمائی، تنگی نہ کریں، بلکہ آسانی کا فتویٰ دیں دلائیں، اب ہر شخص ذی فہم بتا سکتا ہے کہ اس مسجد کے جواز میں مشتری مذکور مکان کے لیے آسانی ہے یا تنگی، اور نیز احادیث صحیحہ میں اضاعت مال سے ممانعت وارد ہوئی ہے، اب ہر شخص ذی شعور بتا سکتا ہے کہ مسجد مذکور فی السوال کے عدم جواز میں اضاعت مال ہے یا نہ۔
غرض کہ ان احادیث و آیات کی رو سے ثابت ہوتا ہے، کہ مسجد مذکور فی السوال مسجد ہی کے حکم میں ہے، اور نیچے کا مکان کرایہ پر دینا واسطے مصالح مسجد مذکور جائز و درست ہے، تفسیر کبیر میں تحت آیت ﴿فَلَا وَرَ‌بِّكَ لَا يُؤْمِنُونَ حَتَّىٰ يُحَكِّمُوكَ
’’تیرے رب کی قسم جب تک آپ کو حاکم نہیں بنائیں گے ان کو ایمان نصیب نہیں ہو گا۔‘‘۱۲
کے لکھا ہے کہ عمومات کتاب و سنت مقدم ہوتے ہیں عمومات قیاس پر۔  واللہ اعلم وعلم اتم واکمل۔ حررہ العاجز ابو محمد عبد الوھاب الملتانی نزیل الدھلی تجاوز اللّٰہ عن ذنبہ الخفی والجلی فی اوائل شھر جمادی الاولیٰ من ۱۳۱۹ھ علی صاحبھا افضل صلوٰۃ وازکی تحیۃ اللھم ارزقنی علما نافعا والعمل بما تحب وترضٰی         سید محمد نذیر حسین
ھو الموفق:… صورت مسئولہ میں اگر مشتری نے نیچے کی منزل کو مصالح مسجد کے واسطے وقف کر دیا ہے اور اپنا کوئی تعلق باقی نہیں رکھا ہے تو بے شک وہ مسجد، مسجد کے حکم میں ہے اس واسطے کہ اس مسجد کے مسجد نہ ہونے کی کوئی دلیل شرعی نہیں ہے اور نیچے کی منزل کو واسطے خرچ مسجد کے کرایہ پر دینا بھی جائز ہے کیوں کہ عدم جواز کی کوئی وجہ نہیں، فقہہ خنفیہ نے بھی تصریح کی ہے کہ ایسی صورت مین مسجد، مسجد کے حکم میں رہے گی، درمختار میں ہے:
"لو بنیٰ بیتا فوقہ للامام لا یضر لانه من المصالح اما لو تمت المسجدیة ثم ارادا بناء منع ولو قال عبنیت ذلك لم یصدق"
’’اگر مسجد کے اوپر امام کی رہائش کے لیے مکان بنایا جائے، تو درست ہے، کیوں کہ یہ مسجد ہی کی آبادی ہے۔ ہاں اگر مسجد پوری ہو جائے، پھر اس پر مکان بنایا جائے، تو منع ہے اور اگر کہے کہ میری پہلے ہی سے یہ نیت تھی، تو اس کو سچا نہ سمجھا جائے گا۔‘‘
اور شامی میں ہے
"یؤخذ من التعلیل ان محل عدم کونہ مسجدا فیما إذا لم یکن وقفا علی المصالح المسجد وبہ صرح فی الاسعاف فقال وإذا کان السرداب اولعلوا المصالح المسجد أو کا وفقا علیہ صار مسجد أو"
’’اس دارو مدار تو سبب ہے، اگر مسجد ہی کی مصلحت کے لئے اس کے نیچے تہ خانہ یا اوپر کوئی مکان بنایا جائے تو درست ہے اور اگر ایسا نہ ہو تو جائز نہیں۔‘‘۱۲
نیز شامی میں ہے:
"بقی لوجعل الواقف تحتہ بیتا للخلاء ھل یجوز کما فی مسجد محلة الشحم فی دمشق لم ارہ صریحا نعم سیاتی متنا فی کتاب الوقف انہ لوجعل تحتہ سردا بالمصالحہٗ جاز انتھیٰ"
’’اگر وقف کرنے والا مسجد کے نیچے کوئی بیت الخلا بنائے تو جائز ہے یا نہیں، اس کی صاف جزئی تو میں نے کہیں نہیں دیکھی نہیں، ہاں یہ تو ہے کہ اگر مسجد کے نیچے تہہ خانہ بنائے یا اس کے اوپر کوئی مکان مسجد کی مصلحت کے لیے بنائے تو جائز ہے۔‘‘۱۲
اور فقہ حنفی کی رو سے بھی نیچے کی منزل کو واسطے مصارف مسجد کے کرایہ پر دینے کا جواز مستفاد ہے۔  واللہ تعالیٰ اعلم
(کتبہ محمد عبدالرحمن المبارکفوری عفاء اللہ عنہ (فتاویٰ نذیریہ جلد اول ص ۲۱۹)
مسجد کی چھت کے نیچے دکانیں بنانا جائز ہے یا نہیں؟
مسجد کی چھت کے نیچے دکانیں بنانا نہ چاہیے، حتی کہ خالص ہوجاوے مسجد تصرف عبد سے اور جو دکانیں بنا لے گا واسطے صرف مسجد کے اور وقف کرے گا اور اوپر اس کے مسجد بنا لے گا تو وہ مسجد حکم مسجد میں ہو گی، غایۃ ما فی الباب کچھ ثواب میں نقصان ہو گا۔ نزدیک امام اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے اور نزدیک صحابین کے، بہرحال وہ مسجد زیر دکانیں حکم مسجد میں ہو گی۔
"إذا أراد انسان أن یتخذ تحت المسجد جوانیت غلة لمرمة المسجد أو فوقہ لیس لہ ذلك کذا فی الخلاصة ھکذا فی فتاویٰ العالمگیریة وھکذا فی البرھان أن جعل تحتہ سردا بالمصالحہ أی المسجد جاز کمسجد بیت المقدس ولو جعل فوقہ بیتا وجعل باب المسجد إلی طریق وعزلہ عن ملکہ لا یکون مسجد اولہ بیعة ویورث عنہ خلافا لھما کذا فی الدر المختار وغیرہ"
واضح ہو کہ سرد ابہ نیچی مسجد بیت المقدس کے صرف واسطے دلو و رسی و بوریا اور رکہنے پانے کے فقط بنایا گیا، نہ کرایہ کے واسطے اور احتیاط اور موجب ثواب جانب قول امام صاحب کے ہے۔  کما لا یخفی علی التامل المنصف۔
(سید محمد نذیر حسین (فتاویٰ نذیر قلمی)

 


فتاویٰ علمائے حدیث

جلد 09 ص 

تبصرے