السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
1۔زید ایک انگریز کا نوکر ہے اور اس کے واسطے شراب خرید کر لاتا ہے ظرف میں ڈال کر پلاتا ہے یا سور کا گوشت پکاتا ہے تو یہ نوکری جائز ہے یا نہیں اور اس تنخواہ سے جو روپیہ حاصل ہو۔ اس کا لباس بنا کر پہنے اور اس سے کھانا یا غذا خرید کر کھائے تو اس کی عبادت قبول ہوگی یا نہیں اور اس کے یہاں دعوت کھانا جائز ہے یا نہیں؟
2۔ زید ایک شخص کا نوکر ہے اور اس آقا کے یہاں سوداور مے فروشی اور زمینداری کی آمدنی ہے اور اسی مجموعی آمدنی سے تنخواہ ملتی ہے پس زید کویہ نوکری کرنا جائز ہے یا نہیں؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
1۔ ایسی نوکری جائز نہیں اور اگر ایسی نوکری کی تنخواہ سے لباس بنا کر پہنے یا غذا خرید کر کھائے تو اس کی عبادت قبول نہیں ہوگی اور اس کی دعوت قبول کرنا جائز نہیں ہے اگر اس کو اس دعوت قبول کرنے سے گناہ پر مدد پہنچتی ہو۔
2۔ ایسی نوکری کرنا جائز ہے بشرطیکہ اس میں ناجائز کام کرنا نہ پڑتا ہو۔ واللہ اعلم بالصواب کتبہ: محمد عبد اللہ۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب