سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(202) قربانی کا جانور کیسا ہو؟

  • 22635
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 1542

سوال

(202) قربانی کا جانور کیسا ہو؟

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

قربانی کا جانور کیسا ہونا چاہیے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب مینڈھا قربانی کرتے تو وہ خوبصورت موٹا تازہ ہوتا تھا جیسا کہ ابھی حدیث گزری ہے کہ آپ نے دو سینگوں والے چتکبرے خصی مینڈھے ذبح کئے۔

عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا مینڈھا خرید کر لانے کا حکم دیا جو سینگوں والا ہو جس کی ٹانگیں، پیٹ اور آنکھیں سیاہ ہوں۔(ابوداؤد 2796 مسند احمد 6/78)

ایک دوسری حدیث میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایسا مینڈھا قربانی کیا کرتے تھے جو موٹا تازہ ہوتا جس کی آنکھیں، ٹانگیں اور منہ سیاہ ہوتا۔ (ابوداؤد 2796، ترمذی 496، نسائی 7/221) جانور خریدتے وقت اس کے کان اور آنکھیں اچھی طرح دیکھ لینی چاہئیں، علی رضی اللہ عنہ اور حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں حکم دیا کہ ہم (قربانی کا جانور خریدتے وقت) اس کی آنکھیں اور کان اچھی طرح دیکھ لیں۔ (ابن خزیمہ 2914، 2915، مستدرک حاکم 1/467، 4/220، مسند ابی یعلی 333، مسند بزار 1203، مجمع الزوائد 4/24)

براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا کہ قربانی والے جانوروں میں کن عیوب سے بچنا ضروری ہے؟ تو آپ نے اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا چار عیوب ہیں۔

(1) لنگڑا جس کا لنگڑا پن ظاہر ہو۔

(2) بھینگا پن ظاہر ہو۔

(3) بیمار جس کی بیماری عریاں ہو۔

(4) لاغر و کمزور جس کے جسم میں چربی اور ہڈی میں گودا نہ ہو۔(ابوداؤد، ترمذی، ابن ماجہ، نسائی، ابن الجارود 481)

علی رضی اللہ عنہ کی اوپر ذکر کردہ حدیث میں یہ بھی ہے کہ ایسا جانور نہ لیا جائے جس کا کان سامنے یا پیچھے کی جانب سے کٹا ہوا ہو اور نہ ایسا جانور ہو جس کے کان لمبائی میں چیرے ہوئے ہوں یا جس کے کان میں گول سوراخ ہو۔ لہذا قربانی کا جانور موٹا تازہ ہونا چاہیے اور مذکورہ عیوب سے مبرا اور پاک ہونا چاہیے۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

تفہیمِ دین

کتاب الاضحیۃ،صفحہ:257

محدث فتویٰ

تبصرے