السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
علقمہ سے روایت ہے کہ ایک دفعہ ہم سے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ میں تمہارے سامنے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز نہ پڑھوں پس آپ نے نماز پڑھی اس میں تکبیر تحریمہ کے بعد کبھی ہاتھ نہ اٹھائے۔ (ترمذی، ابوداؤد، ابن ابی شیبہ)
کیا یہ حدیث جو حضرت علقمہ نے روایت کی ہے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے بخاری شریف میں موجود ہے یا نہیں؟ (شفن خان، چاچڑ، سنٹرل جیل بہاولپور)
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
یہ روایت صحیح بخاری میں تو موجود نہیں البتہ کئی محولہ کتب میں موجود ہے اور جمہور ائمہ محدثین کے ہاں ضعیف ہے اسے امام بخاری، امام احمد، امام یحییٰ بن آدم، امام ابن ابی حاتم، امام عبداللہ بن مبارک، امام ابن حبان وغیرھم جیسے جلیل القدر محدثین نے ضعیف قرار دیا ہے۔ تفصیل کے لئے دیکھیں التحقیق الراسخ از حافظ محمد گوندلوی رحمۃ اللہ علیہ اور نور العینین از حافظ زبیر علی زئی حفظہ اللہ۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب