السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
بعض اوقات ایساہوتا ہے کہ بارش کے موقع پر مغرب و عشاء کے درمیان جمع کرتے وقت بعض لوگ کچھ دیر سے اس وقت آتے ہیں جب امام عشاء کی نماز میں ہوتا ہے پھر مغرب کی نماز سمجھ کر وہ جماعت میں شامل ہو جاتے ہیں۔اب انہیں کیا کرنا چاہیے۔؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
انہیں چاہیے کہ تیسری رکعت کے بعد بیٹھ جائیں اور تشہد اور دوسری دعائیں پڑھیں اور جب امام سلام پھیرے تو اس کے ساتھ سلام پھیریں۔ پھر اس کے بعد عشاء کی نماز پڑھیں تاکہ نمازوں کی ترتیب جو واجب ہے باقی رہے اور جماعت کی فضیلت حاصل ہو جائے۔
اور اگر ان کی ایک رکعت چھوٹ گئی ہو تو وہ امام کے ساتھ باقی نماز مغرب کی نیت سے پڑھ لیں یہی ان کے لیے مغرب کے قائم مقام ہو جائے گی اگر ایک سے زیادہ رکعتیں چھوٹی ہوئی ہیں تو امام کے ساتھ جتنی ملے وہ پڑھ لیں اور جو چھوٹ گئی ہیں ان کی قضا کر لیں۔
اسی طرح اگر انہیں یہ معلوم بھی ہو کہ امام عشاء کی نماز میں ہے تب بھی وہ علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق امام کے ساتھ مغرب کی نیت سے شامل ہو جائیں اور بعد میں عشاء کی نماز پڑھ لیں۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب