السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
فجر اور مغرب کی فرض نمازوں کے بعد
"لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ يُحْيِي وَيُمِيتُ وَهُوَ حَيٌّ لَا يَمُوتُ بِيَدِهِ الْخَيْرُ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ"
اس کو دس دس بار پڑھنے کی ترغیب آئی ہے کیا اس سلسلہ میں وارد حدیثیں صحیح ہیں؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
فجر اور مغرب کی فرض نمازوں کے بعد مذکورہ بالا دعا کو دس دس بار پڑھنے کی مشروعیت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی متعدد صحیح حدیثوں سے ثابت ہے ہر مسلمان مرد و عورت کو مذکورہ دونوں نمازوں کے بعد یہ دعا دیگر اذکار مسنونہ سے فارغ ہو کر پابندی سے پڑھنا چاہیے وہ اذکار مسنونہ جو پانچوں نمازوں کے بعد پڑھے جاتے ہیں۔
درج ذیل ہیں:
"أَسْـتَغْفِرُ الله، أَسْـتَغْفِرُ الله، أَسْـتَغْفِرُ الله. اللّهُـمَّ أَنْـتَ السَّلامُ ، وَمِـنْكَ السَّلام ، تَبارَكْتَ يا ذا الجَـلالِ وَالإِكْـرام لا إلهَ إلاّ اللّهُ وحدَهُ لا شريكَ لهُ، لهُ المُـلْكُ ولهُ الحَمْد، وهوَ على كلّ شَيءٍ قَدير، اللّهُـمَّ لا مانِعَ لِما أَعْطَـيْت، وَلا مُعْطِـيَ لِما مَنَـعْت، وَلا يَنْفَـعُ ذا الجَـدِّ مِنْـكَ الجَـد"
’’میں اللہ سے بخشش چاہتا ہوں میں اللہ سے بخشش چاہتا ہوں میں اللہ سے بخشش چاہتا ہوں اے اللہ! تو سلامتی والا ہے اور تجھی سے سلامتی حاصل ہوتی ہے تیری ذات بابرکت ہے اے عظمت و جلال والے ! اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں اسی کی بادشاہت ہے اور اسی کی تعریف اور وہی ہر چیز پر قدرت رکھنے والا ہے۔ کوئی طاقت و قوت اللہ کی توفیق کے بغیر کار گر نہیں۔ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں ہم اسی کی عبادت کرتے ہیں نعمت و فضل اسی کا ہے اور اسی کے لیے عمدہ تعریف ہے اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں۔ ہماری عبادت اسی کے لیے خالص ہے اگرچہ کافروں کو ناگوار لگے اے اللہ ! جو تو دے اسے کوئی روکنے والا نہیں اور جوتو روک لے اسے کوئی دینے والا نہیں۔ اور کسی مالدار کو اس کا مال تیرے عذاب سے بچا نہیں سکتا۔‘‘
امام ہونے کی صورت میں تین بار "استغفراللہ" اور:
اللّهُـمَّ أَنْـتَ السَّلامُ ، وَمِـنْكَ السَّلام ، تَبارَكْتَ يا ذا الجَـلالِ" وَالإِكْـرام"
پڑھنے کے بعد اسے مقتدیوں کی طرف متوجہ ہوجانا چاہیے یہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے مقتدیوں کی طرف رخ کرتے وقت امام کا دائیں یا بائیں دونوں جانب سے مڑنا درست ہے آپ سے دونوں صورتیں ثابت ہیں۔
اسی طرح ہر فرض نماز کے بعد مندرجہ بالا اذکار کو پڑھنے کے بعد33 بار "سبحان اللہ" 33بار"الحمد للہ"33"اللہ اکبر"اور آخر میں ایک بار"لااله الااللہ وحدہ لاشریک له،له الملک وله الحمد وھو علی کل شئ قدیر"پڑھنا بھی مستحب ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی ترغیب دلاتے ہوئے اسے بخشش و مغفرت کا سبب بتایا ہے۔
ایسے ہی ہر فرض نماز کے بعد اذکار مسنونہ سے فارغ ہو کر آیت الکرسی"قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ ""قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ"اور قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ" کا پڑھنا بھی مشروع ہے۔مگر فجر اور مغرب کی نماز کے بعد نیز سونے کے وقت ان سورتوں کا تین تین بار پڑھنا مستحب ہے جیسا کہ صحیح حدیثوں سے ثابت ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب