السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
مسبوق جس کی فاتحہ باقی ہو، اگر امام آمین کہہ دے تو کیا کرے گا؟ اور کیا وہ بعد میں اپنی سورۃ فاتحہ کی تکمیل کے بعد دوسری آمین کہے گا؟(ایک سائل)
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
نماز جہری ہو یا سری ، امام مقتدی اور منفرد تینوں پرفاتحہ خلف الامام فرض ہے، لہٰذا جہری نماز میں بھی امام کے پیچھے مقتدی سورۃ فاتحہ سراً پڑھے گا۔ فرض کریں کہ مقتدی نے ایک آیت پڑھی اور امام نے سورۃ فاتحہ ختم کر کے آمین کہہ دی تو "إِذَا أَمَّنَ الْإِمَامُ ، فَأَمِّنُوا" کی روسے یہ مقتدی بھی آمین کہے گا اور "وَمَا فَاتَكُمْ فَأَتِمُّوا" کے اصول کی روسے اپنی سورۃ فاتحہ پوری کرے گا۔ جب یہ اپنی سورۃ فاتحہ پوری کرے گا تو آمین نہیں کہے گا۔کیونکہ حالت جہر میں مقتدی کو ماعدالفاتحہ سے منع کر دیا گیا ہے، الایہ کہ امام کے بھولنے پر لقمہ دے دے۔
دیکھئے میری کتاب "الکواکب الدریہ فی وجوب الفاتحہ خلف الامام فی الجہریہ"
لہذا میری تحقیق میں مقتدی امام کی آمین کے بعد حالت جہر میں اپنی سورۃ فاتحہ کی تکمیل پر آمین نہیں کہے گا۔ کیونکہ اس کی کوئی دلیل نہیں ہے واللہ اعلم۔
ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب