موجودہ زمانے میں اکثر لوگ السلام علیکم کہنے کی بجائے "کی حال اے"یا اس جیسے دوسرے جملے جو کئی زبانوں میں رائج ہیں۔استعمال کرتے ہیں؟شرعاً ایسا کرنا درست ہے؟ (محمد عباس پسرور)
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات عالیہ میں ملاقات کے وقت سلام کہنا ہے اس کی جگہ پر کوئی کلمہ نہیں کہنا چاہیے۔ ہاں سلام کے بعد حالات وغیرہ دریافت کرنا ناجائز نہیں بلکہ روا اور مشروع ہے۔ نیز سلام کہنا مسلمان کا حق ہے ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"مسلمان کے مسلمان پر چھ حق ہیں جب تو اس سے ملاقات کرے تو اس پر سلام کہہ جب وہ تجھ کو دعوت دے تو قبول کر۔جب خیر خواہی چاہے تو اس کی خیر خواہی کر۔ جب چھینک مارے اور اللہ کی حمد بیان کرے تو اس کا جواب دے جب وہ بیمار ہو جائے تو اس کی عیادت کر اور جب مر جائے تو اس کے پیچھے جا یعنی جنازہ پڑھ۔"
اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اپنا معمول یہ تھا کہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کسی کے پاس سے گزرتے تو سلام کہتے ۔ اسی ضمن میں بیش بہا آیات و احادیث موجود ہیں۔
لہٰذا ملا قات کے وقت "السلام علیکم" کہنا چاہیے اس کی جگہ (Good morning) "کی حال اے" وغیرہ کہنا درست نہیں۔
ھذا ما عندی والله اعلم بالصواب