سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(555) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھنا

  • 20818
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 1050

سوال

(555) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھنا

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا دور حاضر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا ممکن ہے، ایک حدیث یں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ جس نے مجھے خواب میں دیکھا وہ مجھے بیداری میں بھی دیکھے گا‘‘ اس حدیث کا حوالہ اور مطلب بتا دیں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھنا بہت بڑی سعادت ہے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ جس شخص نے مجھے خواب میں دیکھا تو اس نے مجھے ہی دیکھا کیونکہ شیطان میرا روپ نہیں دھار سکتا۔ ‘‘  

لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھنے والے کے لئے ضروری ہے کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شکل و صورت سے آگاہ ہو اور آپ کے حلیہ مبارک کی پوری پوری معلومات رکھتا ہو۔ اس کےلئے ایک کتاب ’’ آئینہ جمال نبوت‘‘ کا مطالعہ مفید رہے گا جو ایک عربی کتاب ’’ الرسول کانک تراہ ‘‘ کا اردو ترجمہ ہے۔ جسے راقم نے اردو کے قالب میں ڈھالا ہے اور دارالسلام لاہور نے بڑے خوبصورت انداز میں اسے شائع کیا ہے ۔ حدیث بالا کے پیش نظر دور حاضر میں بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا جا سکتا ہے لیکن خواب میں زیارت نبوی کا دعویٰ کرنے والے بعض ایسے لوگ بھی سامنے آتے ہیں جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت و صورت سے کوئی سروکار نہیں ہوتا۔ بہر حال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حسن جمال کی جھلک دیکنے والوں نے آپ کے خنداں رخ انور ، حسین و جمیل قدو قامت ، بے مال خدو خال ، بے نظیر چال ڈھال ، باوقار و پرکشش وجاہت و شخصیت کا عکس الفاظ کے پیرایہ میں ہم تک پہنچایا ہے۔ اس عکس کو ذہن میں رکھنا ضروری ہے تاکہ شیطان کسی کودھوکہ نہ دے سکے۔ سوال میں جس حدیث کا حوالہ دیا گیا ہے وہ بخاری، کتاب العتبیر حدیث نمبر ۶۹۹۳ ہے۔ محدثین کرام نے اس حدیث کے دو مفہوم بیان کئے ہیں:

٭ اس سے مراد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں دیکھا ہے یعنی جس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا وہ آپ کو بیداری میں بھی دیکھنے کی سعادت حاصل کرے گا۔

٭ دوسرا مفہوم عام ہے کہ جس شخص نے بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا وہ قیامت کے دن آپ کی زیارت سے ضرور شرف یاب ہو گا۔

بہر حال یہ حقیقت اپنی جگہ پر اٹل ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھنے والے کے لئے ضروری ہے کہ وہ جمال نبوت سے پوری طرح آگاہ ہو، بصورت دیگر شیطان ، انسان کو گمراہ کر سکتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ امام ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ فرمایا کرتے تھے کہ زیارت نبوی کی سعادت حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو آپ کی اصل شکل و صور ت میں دیکھے۔ (واللہ اعلم)

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد4۔ صفحہ نمبر:480

محدث فتویٰ

تبصرے