السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
اکثر اوقات ہمارے گھر کے دروازے بجتے رہتے ہیں اور گھر سے رات کے وقت مختلف آوازیں بھی آتی ہیں، بعض اوقات بستروں کو آگ بھی لگ جاتی ہے ۔ ہمیں کسی عالم دین نے ایک طویل دعا لکھ کر دی ہے جس کا نام ’’ حرز ابی دجانہ‘‘ ہے اور سورۃ الاخلاص کا ایک تعویذ دیا ہے ، جو اس کے کہنے کے مطابق شیطانی حرکات کا توڑ ہے ، اس سلسلہ میں ہماری راہنمائی فرمائیں؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
قرآن کریم کی صراحت کے مطابق شیطان اور اس کے پیروکار انسانوں کے دشمن ہیں، جیسا کہ ارشادِباری تعالیٰ ہے: ’’ در حقیقت شیطان تمہارا دشمن ہے، اس لئے تم بھی اسے اپنا دشمن ہی خیال کرو۔ ‘‘[1]
ان شیاطین کا کام یہ ہے کہ وہ اولاد کو صراط مستقیم سے ہٹانے کے لئے مختلف کام اور حرکات کرتے رہتے ہیں۔ سوال میں ذکر کردہ حرکات بھی شیطانی ہیں، اس سے مقصود اولاد آدم کو خوفزدہ اور پریشان کرنا ہے۔ ہمارے گھروں میں خونی چھینٹے پڑنا، مختلف آوازیں آنا، دروازے بجنا، آگ لگنا، بالوں اور کپڑوں کا کٹ جانا، قیمتی چیزوں کا گم ہو جانا اور اس طرح کی کئی دوسری حرکات شیطان کی طرف سے ہوتی ہیں۔ پھر اس کے علاج کے لئے جو ’’ روحانی بابے‘‘ کام کرتے ہیں وہ بھی شیطانی علاج ہے۔ ان کے استعمال سے ایمان خطرے میں پڑ جاتا ہے۔ سوال میں ’’ حرز ابی دجانہ‘‘ کا حوالہ دیا گیاہے، یہ ایک لمبی کہانی ہے جو حضرت ابو دجانہ رضی اللہ عنہ کے نام سے گھڑی گئی ہے جسے محدثین کرام نے موضوع اور خود ساختہ قرار دیا ہے۔ چنانچہ حافظ ابو بکربیہقی رحمۃ اللہ علیہ لکھتےہیں : ’’حرز ابی دجانہ کے متعلق ایک طویل حدیث مروی ہے جو من گھڑت اور خود ساختہ ہے ، اسے بیان کرنا بھی جائز نہیں۔ ‘‘[2]
حافظ ابن جوزی رحمۃ اللہ علیہ بھی اس کے متعلق لکھتے ہیں کہ یہ حدیث بے اصل اور موضوع ہے۔ [3]
اس کے متعلق علامہ ذہبی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ حرز ابی دجانہ ایسی چیز ہے جوصحیح نہیں ، مجھے معلوم نہیں کہ اسے کس نے تراشا ہے۔ [4]
باقی رہا سورۃ اخلاص کا نقش اور تعویذ تو شریعت میں اس کی کوئی بنیاد نہیں ، مذکورہ شیطانی حرکات کے توڑ کے لئے درج ذیل کام کریں:
٭ اپنے گھر میں اسلامی فضا ساز گا کریں اور دینی ماحول بنائیں۔
٭ گھر کے تمام افراد نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور بالغ افراد مسجد میں باجماعت نماز ادا کریں۔
٭ صبح و شام کے اذکار کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور ان کے پڑھنے کا اہتمام کریں۔
٭ سورۃ البقرۃ اور آیۃ الکرسی نیز سورۃ اخلاص اور معوذتین باآواز بلند پڑھیں۔
٭ گھر میں جو شیطانی کاموں کے لئے آلات اور ذرائع استعمال ہوتے ہیں انہیں یکسر ختم کریں۔
نوٹ: قرآن پاک کی تلاوت کیسٹ چلا دینا اور موبائل یا کمپیوٹر سے سننا کافی نہیں،امید ہے کہ ایسا کرنے سے مذکورہ شیطانی حرکات ختم ہو جائیں۔ ان شاء اللہ الرحمٰن
[1] فاطر : ۶۔
[2] دلائل النبوة ص ۱۱۸ ج۷۔
[3] الموضوعات ص ۱۶۹ج۳۔
[4] سیر اعلام النبلاء ص ۲۴۵ ج ۱۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب