سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(523) مردار جانور کی قابل استعمال چیزیں

  • 20786
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-26
  • مشاہدات : 845

سوال

(523) مردار جانور کی قابل استعمال چیزیں

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

اگر بکری وغیرہ ذبح کئے بغیر مر جائے تو اس کی کون کون سی اشیاء استعمال کی جا سکتی ہیں، قرآن و حدیث میں اس کے متعلق کیا ہدایات ہیں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

شرعی طریقہ سے ذبح کئے بغیر جو جانور مر جائے اسے مردار کہتے ہیں، قرآن کریم نے اسے حرام قرار دیا ہے ، ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ’’ تم پر مردار حرام ہے۔ ‘‘[1]

لیکن حدیث نے ان مرداروں سے دو چیزوں کو مستثنیٰ کیا ہے اور وہ حلال ہیں جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ ہمارے دو مردار حلال کر دیئے گئے ہیں : ایک مچھلی اور دوسری مکڑی ‘‘[2]

مچھلی اور مکڑی کو ذبح کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے لئےیہ دونوں مردار حلال کر دیئے ہیں ۔ مردار بکری کی کھال قابل استعمال ہے بشرطیکہ اسے دباغت دی جائے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے : ’’ جب کھا ل کو دباغت دی جائے تو وہ پاک ہو جاتی ہے۔ ‘‘[3] اس کے علاوہ مردار جانور کی ہڈیاں، سینگ ، کھر ، بال اور پر وغیرہ بھی قابل استعمال ہیں۔ امام زہری رحمۃ اللہ علیہ مردار ہاتھی وغیرہ کی ہڈیوں کے متعلق فرماتے ہیں: میں نے ایسے اہل علم اسلاف کو دیکھا ہے جو ہڈیوں سے بنی ہوئی کنگھی کرتے تھے اور ان میں تیل بھی ڈال لیا کرتے تھے۔ [4]

حضرت حماد فرماتے ہیں کہ مردہ پرندوں کے پروں کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ [5]


[1] سورة مائدة : ۳۔

[2] مسند امام احمد ص ۹۷ج۲ ۔

[3] مسلم ، الطہارة : ۸۱۲۔

[4] صحیح بخاری ، تعلیقاً کتاب الوضوء باب نمبر ۶۷۔

[5] صحیح بخاری۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد4۔ صفحہ نمبر:455

محدث فتویٰ

تبصرے