السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
کیا مادہ خرگوش کو خون آتا ہے؟ ایسے حالات میں اسے کھایا جا سکتا ہے یا نہیں؟ ہمارے ہاں کچھ لوگ اسے نہیں کھاتے او رکہتے ہیں کہ اسے خون آتا ہے۔
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
خرگوش کو خون آتا ہے یا نہیں، اس کا تعلق مشاہدہ سے ہے، ہمارے علم کے مطابق اس کی مادہ کو عورتوں کی طرح خون آتا ہے، بعض احادیث میں بھی اس کا ذکر ملتا ہے چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک مادہ خرگوش لائی گئی، جس شخص نے اسے پیش کیا تھا اس نے کہا میں نے اسے خون آنے کی حالت میں دیکھا ہے۔ [1]
اس کے باوجود یہ ایک حلال جانور ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود اس کے گوشت کو تناول فرمایا ہے، حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہم نے ایک خرگوش کا پیچھا کیا، لوگ اس کے پیچھے دوڑے اور تھک گئے، آخر کار میں نے اسے پکڑ لیا اور اسے حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کے پاس لایا، انہوں نے اسے ذبح کیا اور اس کی دونوں رانیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو پیش کیں تو آپ نے انہیں قبول فرمایا۔ [2] اس کے علاوہ دیگر احادیث سے بھی اس کے حلال ہونے کا ثبوت ملتا ہے۔ (واللہ اعلم)
[1] نسائی، الصید: ۴۳۱۶۔
[2]صحیح بخاری، الذبائح: ۵۵۳۵۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب