السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
ہمارے ایک بزرگ غیر محرم عورتوں سے مصافحہ کرتے ہیں، اس کی شرعی حیثیت واضح کریں نیز اس عمل کی شرعاً کیا حیثیت ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
غیر محرم انسان کا عورتوں سے مصافحہ کرنا حرام اور ناجائز ہے، خود رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم جب عورتوں سے بیعت لیتے تو فرماتے: ’’میں عورتوں سے مصافحہ نہیں کرتا ہوں۔‘‘[1] حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ اﷲ کی قسم! رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کا ہاتھ کسی غیرمحرم عورت کے ہاتھ کو نہیں لگا، آپ ان سے صرف زبانی بیعت لیتے تھے۔[2]
غیر محرم عورتوں سے مصافحہ کی ممانعت اس لیے ہے کہ ان سے مصافحہ کرنا بے شمار فتنوں کا پیش خیمہ ہے اس لیے سوال میں ذکر کردہ بزرگ کا یہ عمل درست نہیں۔ انہیں اس سے اجتناب کرنا چاہیے، بزرگی کی آڑ میں غیر شرعی کام کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ (واﷲ اعلم)
[1] سنن ابن ماجہ، الجہاد: ۲۸۷۴۔
[2] صحیح بخاری،الطلاق: ۵۲۸۸۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب