سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(486) ذبح کا طریقہ

  • 20135
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-26
  • مشاہدات : 606

سوال

(486) ذبح کا طریقہ

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا جانور ذبح کرتے وقت بسم اللہ کے بعد تین مرتبہ اللہ اکبر پڑھنا چاہیے یا ایک مرتبہ اللہ اکبر کہا جائے؟ شریعت کے مطابق اس مسئلہ کی وضاحت کریں۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی صحیح میں ایک عنوان بایں الفاظ قائم کیا ہے ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان کا بیان کہ جانور کو اللہ کے نام پر ذبح کیا جائے۔‘‘

 پھر آپ نے ایک حدیث بیان کی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’نماز عید کے بعد اپنی قربانی کو اللہ کے نام پر ذبح کیا جائے۔‘‘ [1]

 اس کا مطلب یہ ہے کہ ذبح کرتے وقت بسم اللہ پڑھنا چاہیے، امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی صحیح میں ایک دوسرا عنوان بایں الفاظ قائم کیا ہے: ’’ذبح کے وقت اللہ اکبر کہنا‘‘ پھر حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث ذکر کی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے ہاتھ سے قربانی ذبح کرتے اور ذبح کرتے وقت بسم اللہ اللہ اکبر کہتے۔[2]

 ان احادیث سے معلوم ہوا کہ ذبح کرتے وقت صرف ’’بسم اللہ اللہ اکبر‘‘ پڑھنا چاہیے۔ تین مرتبہ اللہ اکبر پڑھنے کا ذکر کتب حدیث میں مروی نہیں ہے لہٰذا سنت پر عمل کرتے وقت صرف ایک مرتبہ اللہ اکبر پڑھا جائے۔ (واللہ اعلم)


[1] صحیح بخاری، الذبائح: ۵۵۰۰۔ 

[2] صحیح بخاری، الاضاحی: ۵۵۶۵۔ 

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:3، صفحہ نمبر:407

محدث فتویٰ

تبصرے