سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(284) روزے دار کا اے سی(A.C) چلا کر سونا اور بار بار غسل کرنا

  • 19933
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 911

سوال

(284) روزے دار کا اے سی(A.C) چلا کر سونا اور بار بار غسل کرنا

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کچھ لوگ روزے کی حالت میں گرمی کی شدت کی وجہ سے بار بار غسل کرتے ہیں یا صلی اللہ علیہ وسلم .C Aچلا کر سوئے رہتے ہیں، ایسی حالت میں ان کا روزہ تو متاثر نہیں ہوتا؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اگر روزہ دار بھوک اور پیاس کی شدت کی بنا پر بار بار غسل کرتا ہے یا ٹھنڈے کمرہ میں سو جاتا ہے تو اس سے روزے کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، روزہ دار کے لیے ٹھنڈک حاصل کرنا جائز ہے خواہ کسی بھی طریقہ سے ہو، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم روزہ کی حالت میں گرمی یا پیاس کی وجہ سے اپنے سر مبارک پر پانی ڈال لیا کرتے تھے، چنانچہ ایک صحابی رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا آپ صلی اللہ علیہ وسلم گرمی کی وجہ سے اپنے سر پر پانی بہا رہے تھے جب کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم روزے کی حالت میں تھے۔ [1]

 اس طرح حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کے متعلق روایات میں آیا ہے کہ وہ روزے کی حالت میں شدت حرارت یا پیاس کم کرنے کے لیے اپنے کپڑے کو گیلا کر لیا کرتے تھے۔ اس طرح کی رطوبت سے روزہ متاثر نہیں ہوتا کیونکہ یہ پانی نہیں جو معدے تک پہنچ جائے بلکہ امید ہے کہ پیاس اور گرمی کی شدت روزے میں اجر و ثواب کے زیادہ ہونے کا باعث ہو جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مرتبہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا تھا: ’’اس (حج) کا ثواب تمہارے خرچ یا تکلیف برداشت کرنے کے بقدر ہو گا۔‘‘ [2]

 بہرحال اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور بندگی میں انسان کو جس قدر تھکاوٹ ہو اسی قدر زیادہ اجر و ثواب ملے گا۔ اس کے ساتھ وہ ایسا کام بھی کر سکتا ہے جس سے روزے کی شدت میں کمی آجائے مثلاً وہ پانی سے ٹھنڈک حاصل کر سکتا ہے اور نہا سکتا ہے، اس سلسلہ میں دو چیزوں کا خیال رکھنا ہو گا۔ جو حسب ذیل ہیں:

 سارا دن سو کر نہ گزارے بلکہ اللہ کا ذکر اور تلاوت قرآن میں خود کو مصروف رکھے کیونکہ روزے سے تعلق باللہ گہرا ہوتا ہے، اس تعلق کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کرے۔

 نماز پنجگانہ کی پابندی کرے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ ٹھنڈے کمرے میں سو کر نمازوں سے غافل ہو جائے کیونکہ اگر اس قسم کی سہولیات سے نماز باجماعت رہ گئی تو ایسا نقصان ہے جس کی تلافی نہیں ہو سکے گی۔ (واللہ اعلم)


[1]  ابوداود، الصیام: ۳۲۶۵۔

[2] بخاری، العمرۃ، باب نمبر۸، حدیث نمبر: ۱۷۸۷۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:3، صفحہ نمبر:255

محدث فتویٰ

تبصرے