سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(138) دوران خطبہ مسجد میں آنا

  • 19787
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-24
  • مشاہدات : 565

سوال

(138) دوران خطبہ مسجد میں آنا

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

اگر کوئی جمعہ کے دن دوران خطبہ آئے تو اسے کیا کرنا چاہیے، بیٹھ کر خطبہ سنے یا سنت ادا کرے، اگر سنت ادا کرے تو کتنی پڑھے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

دوران خطبہ آنے والے نمازی کو چاہیے کہ وہ دو رکعت پڑھ کر بیٹھے، جیسا کہ حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے خطبہ ارشاد فرمایا: ’’اگر تم میں سے کوئی جمعہ کے دن آئے، جب امام جمعہ کے لیے کھڑا ہو چکا ہو تو وہ شخص دو رکعت پڑھے۔‘‘ [1]

 اگر دو رکعت پڑھے بغیر بیٹھ جائے تو پھر بھی چاہیے کہ وہ کھڑا ہو کر دو رکعت نماز ادا کرے پھر خطبہ سننے کے لیے بیٹھ جائے، جیسا کہ ایک حدیث میں ہے، رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم خطبہ دے رہے تھے کہ ایک آدمی مسجد میں داخل ہوا اور خطبہ سننے کے لیے بیٹھ گیا، رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا کیا تو نے نماز پڑھی ہے؟ اس نے عرض کیا جی نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اٹھو، دو رکعت ادا کرو۔‘[2]

 ان احادیث سے معلوم ہوا کہ دوران خطبہ آنے والے کو چاہیے کہ وہ دو رکعت پڑھ کر بیٹھے، اگر بے خیالی میں بیٹھ جائے تو کھڑا ہو کر دو رکعت ادا کرے پھر خطبہ سنے۔ (واﷲ اعلم)


[1] صحیح مسلم، الجمعہ: ۸۷۵

[2] صحیح بخاری، الجمعۃ: ۹۳۱۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

 

جلد3۔صفحہ نمبر 142

محدث فتویٰ

تبصرے